پی ڈی ایم ڈیڈ لائنز دیتے دیتے خود ڈیڈ ہوگئی ہے حلیم عادل شیخ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ڈیڈ لائنز دیتے دیتے خود ڈیڈ ہوگئی ہے۔ آر ہوگا پار ہوگا،استعفے، سینیٹ الیکشن کا بائیکاٹ، دھرنے،جلسے ملک کے خلاف کی جانے والی تمام سازشیں ناکام ہوچکے ہیں۔اپنے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن کا بائیکاٹ کرانے والے مولانا ایک سیٹ کے سوالی بن کر پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے سامنے کھڑے ہیں۔پاپا ڈیڈی مولانا بچاؤ موومنٹ اپنی موت خود مرچکی ہے۔ دسمبر بھی گیا جنوری بھی گیا نہ استعفے نظر آئے نہ پی ڈی ایم والے۔ اب عوام کے بے وقوف بنانے کے لئے نیا چورن تلاش کر رہے ہیں۔ پاکستان کی غیور عوام نے چوروں کا ایجنڈا مسترد کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل پارٹیوں میں عوام کے ریجیکٹڈ ناکام سیاستدان ہیں۔ مسلسل ناکامی کے باوجود بھی پی ڈی ایم میں شامل پارٹیاں ڈھٹائی کے ساتھ بغلیں بجا رہی ہیں۔ پی ڈی ایم کو ملک و قوم کی فکر نہیں بلکہ انہیں اپنی ذات عزیز ہے۔ قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ بلاول زرداری کی پارٹٰی تیرہ سالوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے کوئی ایک کام بتا دیں جس سے عوام کو فائدہ پہنچا ہو۔ سبسیڈی دی گئی وہ بھی اپنے لوگوں کو، ترقیاں دی گئیں وہ بھی اپنے لوگوں کو، ترقیاتی کام وہ کرائی گئے جس میں رشوت اور کک بیگس ملیں۔ سندھ کی عوام کو انہوں نے پینے کا پانی تک نہیں دیا۔ عوام کے مسترد کردہ سیاستدان کہتے ہیں شفاف الیکشن دوبارہ کرائے جائیں۔ عمران خان کو پاکستان کی عوام نے ووٹ کے ذریعے منتخب کیا ہے۔ موجودہ حکومت میں کرپٹ چوروں کا خاتمہ ہورہا ہے ملک کی معیشیت ترقی کر رہی ہے ادارے مضبوط ہورہے ہیں لیکن ان کرپٹ سیاستدانوں سے ملک کی ترقی دیکھی نہیں جاتی ہے۔