ایل پی جی 10روپے کلو مہنگی،گھریلو سلنڈر 1863روپے کاہوگیا
اسلام آباد،کراچی(آئی این پی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے ایل پی جی کی قیمت بھی بڑھادیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں ایل پی جی کی فی ٹن پیداواری قیمت95283 فی ٹن مقررکی گئی ہے۔ فروری2021 کیلئے فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت10 روپے بڑھ کر158 روپے ہوگئی ہے جبکہ گھریلو سلنڈرکی قیمت 122 سے بڑھ کر1863 روپے ہوگئی اورکمرشل سلنڈر کی قیمت 471 روپے بڑھ کر 7168 روپے ہوگئی ہے۔ اوگرا کے مطابق گھریلو استعمال کے سلینڈر کی بغیرٹیکس قیمت 1124 روپے ہوگی۔ اور تمام ٹیکسزلیوی اورمارکیٹنگ مارجن شامل کرکے صارفین کو گھریلو استعمال کے سلنڈر کی فروخت کی جائے گی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن آف پاکستان کے چئیرمین عرفان کھوکھرنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایل پی جی کو کم آمدنی کے حامل طبقے کی دسترس میں لانے کیلئے فوری طور پر ایل پی جی پرعائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی ختم کرنے کا اعلان کرے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور قدرتی گیس میں کمی کے موجودہ بحران میں ایل پی جی غریب طبقے کیلئے سستا متبادل ایندھن ثابت ہوسکے۔
ایل پی جی