امریکہ کا انسانی سمگلنگ ختم کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عہد
واشنگٹن (اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) امریکہ نے دنیا بھر میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔ غلاموں کی تجارت اور سمگلنگ کے شکار افراد کی عالمی تعداد تقریباً اڑھائی کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ یکم فروری کو ہرسال امریکہ میں ”یوم قومی آزادی“ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس روز ڈیڑھ سو سال سے بھی زائد عرصہ قبل صدر ابراہیم لنکن نے آئین میں تیرھویں ترمیم کرنے کیلئے امریکہ میں غلامی کے خاتمے کی مشترکہ قرارداد پر دستخط کئے تھے۔ شہری آزادیوں کے علم بردار رچرڈ رائٹ اور ان کے ساتھیوں کی کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے اس موقع پر جاری بیان میں تمام افراد کی آزادی کے آئیڈیل پر کاربند رہنے کاعہد دہراتے ہوئے کہا گیا ہے۔ کہ یہ دن ہمیں اس عظیم مقصد کی یاد دلاتا ہے۔ یاد رہے کہ یکم فروری کو ”یوم قومی آزادی“ منانے کے ساتھ فروری کو غلامی اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے مہینے کے طور پر منانے کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔ محکمہ خارجہ کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکی قوم خاص طور پر بحراوقیانوس کے آرپار غلاموں کی تجارت اور نئے آزاد لوگوں اور ان کی اولادوں پر جبر کی مہموں کے نتائج پر قابو پانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ ہم عالمی سطح پر ان مسائل کے خاتمے میں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے اور اس سلسلے میں حکومتوں، شہری آزادی کی تنظیموں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
انسانی سمگلنگ