24گھنٹوں میں پی آئی اے کے 2فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کینیڈا میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے فضائی میزبان (فلائٹ اسٹیورڈ) کے لاپتا ہونے کے محض 24 گھنٹے کے دوران خاتون میزبا ن (ایئر ہوسٹس) بھی لاپتا ہو گئی۔ایئر ہوسٹس زاہدہ بلوچ ایئرلائن کی پرواز پی کے-797 کے پر سوار تھیں اور ان کے لاپتا ہونے کا علم 31 جنوری کو اس وقت ہوا جب پرواز وطن وا پسی کی تیاری کررہی تھی۔ 31 جنوری کو ہی فلائٹ اسٹیو ر ڈ رمضان گل ایئرلائن کی پرواز پی کے-798 کے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اترنے کے فوری بعد مبینہ طور پر لاپتا ہوگئے تھے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا ایئر ہوسٹس زاہدہ بلوچ 29 جنوری کو کراچی سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات تھیں، پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین ایمیگریشن اتھارٹی کو بھی فضائی میزبان کی گمشدگی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ فضائی میزبان کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ان کا کہنا تھا کہ فضائی میزبان جنرل ڈکلیئریشن پر کینیڈا جاتے ہیں اور واپسی پر ایک بندے کی کمی پر کینیڈین امیگریشن کو اطلاع کرنا لازمی ہوتا ہے۔علاوہ ازیں پی آئی اے جنرل منیجر فلائٹ سروسز عامر بشیر نے بتایا پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا جس کے تحت فضائی میزبانوں کے پاسپورٹ اسٹیشن منیجر کی تحویل میں رہیں گے۔ فضائی میزبانوں کے پاسپورٹ پروازوں کی روانگی کے و قت چیک اِن پر واپس ہوں گے۔ ہوٹل آمد کو یقینی بنانے کیلئے جانچ پڑتال لازمی ہوگی اور کسی بھی فضائی میزبان کی کمی پر ہوٹل عملہ فوری اطلاع دے گا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے فضائی میز بانوں کی نقل و حر کت بھی محدود کر دی گئی ہیں جس کے بعد کسی بھی فضائی میزبان کو رات کے اوقات میں ہوٹل کی حدود سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ پی آئی اے کا کوئی فضائی میزبان اس طرح سے غائب ہوا بلکہ قبل ازیں اس طرح کا ایک واقعہ جولائی 2020 میں کینیڈا میں ہی پیش آیا تھا۔
ائیر ہوسٹس لاپتہ