مہنگائی کا جن قابو میں نہ آیا تو بہت جلد حکومت کو کھا جائے گا: سراج الحق 

مہنگائی کا جن قابو میں نہ آیا تو بہت جلد حکومت کو کھا جائے گا: سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام دشمن اورمافیا فرینڈلی ہے۔ پاکستان ایک کے بعد ایک بحران کی آماجگاہ بن چکاہے۔ وزیراعظم نے بیان دیا ہے کہ مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، ہمیں ان کے بیان پر حیرانی نہیں ہوئی، شاید وہ بنی گالہ کو ہی پورا ملک سمجھتے ہیں۔ مہنگائی کا جن قابو میں نہ آیا تو بہت جلد حکومت کو کھا جائے گا۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم زمینی حقائق سے بے خبر، ٹویٹر اور ٹیلی فونز کے ذریعے ملک چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ معاشی عدم تحفظ سے اب عوام ذہنی مریض بن چکے ہیں۔جماعت اسلامی کے جلسوں میں بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے۔ ہم حقیقی اپوزیشن، حکومت مخالف تحریک میں تیزی لائیں گے۔ حکومت کو مہنگائی سمیت دیگر ظالمانہ اقدامات واپس لینے ہوں گے۔کشمیر پر نئی امریکی انتظامیہ سے خیر کی امیدیں عبث ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر مسلسل پانچویں دفعہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ثابت کردیا کہ حکمرانوں کو عالمی مالیاتی اداروں کی تابعداری کے علاوہ کچھ اور نہیں سوجھتا۔ وزیراعظم کا یہ کہنا کہ مہنگائی کم ہوئی ہے، قوم کی زخموں پر نمک پاشی ہے۔انہیں بنی گالہ سے نکل کر غریب عوام کی حالت زار کو دیکھنا چاہیے۔ آٹا،چینی،دال، گھی، کوکنگ آئل کی قیمتیں نوے فیصد عوام کی پہنچ میں نہیں ہیں۔ لوگوں سے روزگار چھن گیاہے۔ کاروبار بند پڑے ہیں۔ تاجر، مزدور سب پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالات ایسے ہی رہے تو حکومت کا چلنا مشکل ہو جائے گا۔
 سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -