اے این ایف کے امتحان میں امیدوار کی جگہ آنے والے نوسر باز گرفتار، ایک ملزم کا کس وفاقی وزارت سے تعلق نکلا؟
اسلام آ باد (آئی این پی ) انسداد منشیات فورس (اے این ایف)کے اے ایس آئی کے امتحان میں امیدوار کی جگہ امتحان دینے والے نوسر بازوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف کے امتحانی مرکز سے دو نوسربازوں کو گرفتار کیا گیا، دونوں اے این ایف کے اے ایس آئی کے لیے ہونے والے امتحان میں کسی اور کی جانب سے پیپر دے رہے تھے۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ دونوں ملزمان کی شناخت جمیل ڈایو اور تنویر احمد کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے 4 عدد شناختی کارڈ اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزمان فارم فوٹو شاپ کر کے امتحانی مرکز میں داخل ہوئے، ملزم تنویر احمد سول انجینئر جبکہ جمیل ڈایو وزارت خارجہ کا ملازم ہے، ملزمان کو اے این ایف انٹیلیجنس کی ٹیم نے شناخت کے بعد حراست میں لیا۔