19 سالہ نوجوان جسے دو دفعہ کورونا کا شکار ہونے کے باوجود دنیا میں وبا پھیلنے کا پتہ ہی نہ چلا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشہ ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا کہ دنیا میں کورونا وائرس کا غلغلہ ہے اور شاید ہی کوئی ایسا آدمی روئے زمین پر موجود ہو جو اس موذی وباءکے بارے میں نہ جانتا ہو، تاہم آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ برطانیہ میں ایک نوجوان ایسا ہے جو دو بار کورونا وائرس کا شکار بھی ہو چکا ہے مگر اس کے باوجود وہ کورونا کی وباءکے بارے میں نہیں جانتا۔ میل آن لائن کے مطابق اس 19سالہ نوجوان کا نام جوزف فلیویل ہے جو برطانوی علاقے سٹیفرڈ شائر کا رہائشی ہے۔
جوزف گزشتہ سال یکم مارچ کو ایک کارحادثے کا شکار ہو کر ’کوما‘ میں چلا گیا اور 11ماہ سے وہ بے ہوش پڑا ہے۔ لیسیسٹر جنرل ہسپتال میں بے ہوشی کے دوران ہی اسے دو بار کورونا وائرس لاحق ہوا مگر بے ہوشی کی وجہ سے اسے اس وباءکے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔ جوزف کے بے ہوش ہونے کے 3ہفتے بعد برطانیہ میں لاک ڈاﺅن کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب اسے کچھ ہوش آ گیا ہے اور وہ آنکھیں جھپکنے اور مسکرانے لگا ہے۔ ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ جوزف کی حالت اب تیزی سے سنبھل رہی ہے۔