سونے میں سٹے بازی، پاکستان میں قیمت 50 ہزار روپے زیادہ مقرر کیے جانے کا دعویٰ

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سٹے بازوں کی ملی بھگت سے سونے کی قیمت 50 ہزار روپے زائد مقرر کی گئی ہے، سونے کی اصل قیمت ایک لاکھ 60 ہزار روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
لاہور پریس کلب میں ملک میں سونے کی غیر قانونی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بلیک مارکیٹنگ اور سٹے بازی کے حوالے سے سونے کے تاجروں اور وکلاء نے پریس کانفرنس کی ۔ ممبر پنجاب بار چوہدری ارشد خوشی ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ گولڈ مافیا سٹے بازی کے ساتھ سونے کا ریٹ مقرر کرتے ہیں، اس وقت سونے کے چھوٹے دکانداروں کااستحصال ہو رہا ہے، حکومت نے سونے کے ریٹ کو مقرر کرنے کے لیے کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا، سونے کے من پسند ریٹ مقرر کرکے ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ کے مطابق ملک میں سونے کا فی تولہ ریٹ ایک لاکھ 60ہزار روپے سے اوپر نہیں ہونا چاہیے، سٹے بازوں کی ملی بھگت سے سونے کا ریٹ 50ہزار روپے اضافی مقرر کیا گیا ہے۔ گورنر سٹیٹ بنک اور وزیر خزانہ سے درخواست ہے کہ وہ سونے کے مافیا کے خلاف کارروائی کریں ۔