الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران کی تقرری کردی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران کی تقرری کردی۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق جاری ہونیوالے اعلامیہ میں الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ قومی اسمبلی کے 33 حلقوں کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران مقرر کردیئے، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تقرری بھی کردی ۔
حکام کاکہناہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران الیکشن کمیشن سے لئے گئے ہیں ،آر اوز اور اے آر اوز کی ذمہ داری سرکاری افسران کو دی گئی ہے ۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کیلئے افسران کی تعیناتی کا اعلامیہ جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن نے 27 جنوری کو قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر انتخاب کا شیڈول جاری کیاتھا، اعلامیہ کے مطابق قومی اسمبلی کی 33 نشستوں میں 15 نشستیں صوبہ پنجاب کے اضلاع کی ہیں ،قومی اسمبلی کی33 نشستوں پر 16 مارچ کو ضمنی انتخاب منعقدکیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ ریٹرننگ افسران 3 فروری کو پبلک نوٹس جاری کریں گے ، 6 سے 8 فروری تک کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے۔