شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کیلئے پولیس کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیاجو 4 بج کر 45 منٹ پر سنایا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق کیس میں شیخ رشید کو عدالت میں پیش کردیا گیا،سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کمرہ عدالت میں وکالت نامہ پر دستخط کرد یئے، جج نے استفسار کیا کہ مجھے مقدمہ میں وہ جملہ دکھائیں جہاں دفعہ 120 لگتی ہے، پراسیکیوٹر نے کہاکہ شیخ رشید آصف زرداری کے خاندان کیلئے خطرہ پیدا کر رہے، شیخ رشید کو دفعات کے مطابق 7 سال قید اور جرمانہ ہوسکتا ہے،شیخ رشید نے بیان دیا کہ آصف زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کی،پاکستان میں لوگ چھوٹی چھوٹی باتوں پر گلے کاٹنے پر آجاتے ہیں،پراسیکیوٹر نے کہاکہ عمران خان اور آصف زرداری کی جماعت میں اشتعال پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔
پراسیکیوٹرجنرل نے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ شیخ رشید کی وائس میچنگ اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کرنا ضروری ہے،ٹرائل میں فوٹوگرامیڑک ٹیسٹ اور وائس میچ ٹیسٹ ضروری ہوگا۔
شیخ رشید کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کا نوٹس معطل کیا،سیاسی انتقام لینے کیلئے شیخ رشید کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔
جج صاحب !عدالت میں بولنے کی اجازت مانگتا ہوں،شیخ رشید نے روسٹرم پر آکر کہاکہ میں بہت سمارٹ ہوں، چھوٹی بات کروں گا، درخواست ایس ایچ او کو دینی چاہئے تھی،جب میں وزیر تھا تو ایس ایس پی کے ساتھ ذاتی مسئلہ تھا،مجھے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا کہاگیا، میں نے اپنے وکیل کو بھیجا،پولیس مجھے گرفتار کرنا چاہتی تھی جس کے باعث مجھے بلایاگیا،مجھے عمران خان نے کہاکہ الیکشن مہم میں سامنے نکلوں،انتخابات سے قبل عمران خان کو نااہل یا جیل میں بھیجنے کا پلان کیا جا رہا ہے، میرا تجزیہ ہے،عمران خان کو زہر بھی دیا جا سکتا ہے، شیخ رشید نے استدعا کرتے ہوئے کہاکہ میری 73 سال عمر ہے، بیٹھ سکتا ہوں؟، عدالت نے شیخ رشید کو کمرہ عدالت میں موجود کرسی پر بیٹھنے کی اجازت دیدی۔
شیخ رشید نے کہاکہ عمران خان نے کہا ان کے پاس ثبوت ہیں آصف زرداری انہیں مارنا چاہتا ہے، میں نے کہاعمران خان کے پاس آصف زرداری کے خلاف ثبوت ہیں ، عمران خان نے بار بار کہا آصف زرداری مجھ پر حملہ کرنا چاہتا ہے، مجھ پر ہتک عزت کا کیس کریں ، عمران خان نے جو کہا اس کو درست سمجھتا ہوں ،شیخ رشید نے عدالت کے سامنے اپنا بیان مکمل کرلیا۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کیلئے پولیس کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیاجو 4 بج کر 45 منٹ پر سنایا جائے گا۔