وفاقی وزیر محمد علی نے فیولنگ فیوچرز کیرئیر ایکسپو کا افتتاح کردیا 

        وفاقی وزیر محمد علی نے فیولنگ فیوچرز کیرئیر ایکسپو کا افتتاح کردیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر برائے توانائی، محمد علی نے پاکستان چائنا فرینڈ شپ سینٹراسلام آباد میں پہلی قومی سطح کی (Fueling Futures Career Expo 2024)فیولنگ فیوچرز کیرئیر ایکسپو 2024 کا افتتاح کیا۔ اس دو روزہ کیریئر ایکسپو کا انعقاد وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے تعاون سے کیا ہے۔اس ایونٹ میں طلبا، فیکلٹی اور کمپنی کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی۔پی پی ایل کے ایم ڈی اور سی ای او عمران عباسی نے ملک بھر سے بڑی تعداد میں آئے طلبا کو خوش آمدید کہا اور دو روزہ کیرئیر ایکسپو کو کامیاب بنانے پر شرکت کرنے والی کمپنیوں اور یونیورسٹیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم طلبا کو توانائی اور معدنیات کی صنعت کے سرکردہ لیڈرز کے ساتھ بات چیت کرنے اور تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں کیریئر کے انتخاب اور حصول کے لیے ان کے تجربات سے سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تقریب کا منصوبہ طلبا کے لیے توانائی اور معدنیات کے ساتھ کیریئر کے مواقع تلاش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جو آج متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ توانائی سستی، قابل رسائی اور پائیدار ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان توانائی کی کمی کا شکار اور تیل درآمد کرنے والا ملک ہے۔ اس لیے توانائی کی کمی کو سرپلس میں تبدیل کرنے کا موقع موجود ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں معدنی وسائل کی بہت زیادہ طلب ہے اور مستقبل میں ان کےدریافت کرنے اور نکالنے کے کئی مواقع موجود ہیں۔انہوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کیریئر کے فیصلے مستقبل کی ضروریات کو مدِ نظر رکھ کر کریں جن میں توانائی اور معدنیات سب سے اہم شعبے ہیں۔کیرئیر ایکسپو میں پاکستان بھر سے تقریبا 5000 طلبا کے ساتھ 30 کے قریب یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے فیکلٹی ممبران اور عملے کے ساتھ شرکت کی اور بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔