عمران خان نے شہریار ریاض کو 3 کروڑ روپے میں این اے 56کا ٹکٹ بیچا، شیخ رشید نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

عمران خان نے شہریار ریاض کو 3 کروڑ روپے میں این اے 56کا ٹکٹ بیچا، شیخ رشید نے ...
 عمران خان نے شہریار ریاض کو 3 کروڑ روپے میں این اے 56کا ٹکٹ بیچا، شیخ رشید نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمران خان پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56کا ٹکٹ 3کروڑ روپے میں فروخت کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ 
"ڈیلی پاکستان گلوبل" کے مطابق راولپنڈی کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی معائنے کے بعد شیخ رشید احمد کی طرف سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار شہریار ریاض کو 3 کروڑ روپے میں حلقہ این اے 56کا ٹکٹ فروخت کیا۔
ویڈیوبیان میں شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ ”میں خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں، میں خانہ کعبہ کی چھت پر گیا ہوں، شہریار ریاض نے ان سے ٹکٹ 3کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ ان کو قلم دوات کی مار پڑے گی۔“ شیخ رشید احمد کے بھتیجے اور این اے 57سے عوامی مسلم لیگ کے امیدوار شیخ راشد شفیق نے اس ویڈیو بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریار ریاض 9مئی کے بعد ملک سے باہر رہا ۔ اس کی ٹریول ہسٹری چیک کر لیں۔ وہ ہم سے عوامی مسلم لیگ کا ٹکٹ مانگتا رہا ہے۔ اسے شیخ رشید احمد کا ووٹ تقسیم کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔
دوسری طرف این اے 56سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار شہریار ریاض نے شیخ رشید احمد کے الزام کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اگر میں نے ٹکٹ خریدا ہے اور پیسے دیئے ہیں تو کس کو دیئے ہیں؟ کیا ثبوت ہے ان کے پاس؟ شیخ رشید احمد اپنی شکست دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں اور اب وہ تماشا کر رہے ہیں۔یہ بیان انہوں نے خود نہیں دیا بلکہ بعض طاقتوں کے کہنے پر دیا ہے۔ شیخ رشید حنیف عباسی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

مزید :

سیاست -قومی -