ایرانی سیاحتی وفد کی پاکستانی سیاحتی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات
لاہور(پ ر) ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے محکمہ سیاحت، ثقافتی ورثہ اور دستکاری کے منیجنگ ڈائریکٹر سید جواد موسوی کی قیادت میں ایران کے 10 رکنی سیاحتی وفد نے لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران، لاہور میں پاکستان کی معروف سیاحتی کمپنیوں کے سربراہان سے ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی۔ ایرانی وفد نے پاکستانی سیاحوں کیلئے ایران میں دستیاب سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی اور زیارت، طبی سیاحت، کھیل، تعلیم اور عمومی سیاحت کے شعبوں میں ایران کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور سیاحتی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی نے خطاب میں لاہور اور مشہد کے سسٹر سٹیز ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے لاہور کو پاکستان کی ثقافتی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر بے شمار تاریخی اور سیاحتی مواقع سے مالامال ہے، جبکہ مشہد زیارتی، سیاحتی اور طبی سہولیات کے لحاظ سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں اور ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ جو دونوں اقوام کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ ایرانی وفد میں محکمہ سیاحت کے منیجنگ ڈائریکٹر سید جواد موسوی کے علاوہ ہوٹل ایسوسی ایشن کے سربراہ مادرشاہیان، سپہران ائیرلائن کے سربراہ سعید ولیزادہ اور ایران کے دیگر نمایاں سیاحتی ماہرین شامل تھے۔ پاکستانی وفد کی جانب سے میاں ٹریولز کے زاہد انور، سیگما ٹریولز کے قیصر الہی جعفری، فلائی ایوی ایشن کے سید حسن رضا، طارق سراج، محمد علی، حسن مسعود میرزا اور دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔