بھمبر آزاد کشمیر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد۔ویلڈن وزیراعظم شہباز شریف

تاریخ گواہ ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنے والی قومیں دنیا پر حکمرانی کر رہی ہیں لیکن مقام افسوس آزادی سے لیکر آج تک پاکستان میں یکساں نظام تعلیم رائج نہیں کیا جاسکا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ایک طرف تعلیم غریب اور نادار طالب علموں کی پہنچ سے دور ہوچکی ہے،دوسری طرف امراء کے بچے ایچی سن کالج(Nust)بیگن ہاوس، ایجوکیٹر، کیڈٹ کالج،امریکہ اور یورپ کے مہنگے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔ جہاں عام آدمی اپنے بچوں کو داخلے کرانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔سرکاری سکولوں کی حالت زار یہ ہے کہ بچوں کے بیٹھنے کے لیے ٹاٹ تک دستیاب نہیں ہوتے۔پاکستان میں مالی استعداد نہ رکھنے والے افراد کے بچوں پر مہنگی تعلیمی اداروں کے دروازے بند ہیں۔اگر یہ کہا جائے کہ پاکستان میں تعلیم کمرشل ہو چکی ہے تو بیجا نہ ہو گا کیونکہ جس کے پاس جتنی زیادہ دولت ہوتی ہے اس کے بچے اندرون و بیرون ممالک میں اتنی ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کشمیری بھائیوں کیساتھ اپنا وعدہ پورا کردیا۔ دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھ کر ایک ایسا انقلابی اقدام اٹھایا ہے جو خاص طور پر کم آمدنی والے اور تعلیم سے محروم بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ دانش سکول میں انتہائی غریب بچوں کونا صرف مفت معیاری تعلیم دی جائے گی بلکہ طلباء کو رہائشی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ دانش سکولوں میں طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں، تجزیاتی مہارتوں، انسانی وقار اور خود اعتمادی جیسی خوبیوں کو اجاگر کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔ان سکولوں میں بچوں کو داخلہ میرٹ پر دیا جاتا ہے اور ان کے والدین کے انٹرویوز اور طلباء کی تحریری امتخانات کے بعد میرٹ کی بنیاد پر بچے داخلہ حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔داخلہ چھٹی کلاس میں ہوگا۔ دانش سکول میں پڑھنے والے بچے اور انکے اساتذہ لازمی طور ہاسٹل میں قیام کریں گے ایسا شیڈول مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت طالب علم صبح سے شام تک نصابی و غیر نصابی مثبت سرگرمیوں میں مصروف رہیں گے۔ طلباء کو اسلامی اقدار سے آگاہی اور اس میں طالب علموں کے کردار سازی کو اجاگر کیا جائے گا۔ دانش سکول میں ڈاکٹر، ماہرین نفسیات اور فزیکل ایجوکیشن کے ماہرین تعینات کیے گیے ہیں تاکہ وہ بچوں کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی تربیت کرسکیں۔دانش سکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ عمارت اور ہاسٹل تعمیر کیے گئے ہیں۔ دانش سکولوں میں داخلے کا اہل ایسا طالب علم جو یتیم اور اپنی والدہ کے پاس رہ رہا ہے اور ان کے پاس قابل انتقال جائیداد نہیں یا پھر ماں باپ میں سے کوئی معذور ہے۔
دانش سکولوں میں تدریس کو موثر بنانے کے لئے بہترین لائبریری اور جدید ترین کمپیوٹرز پر مشتمل لیبارٹری بنائی گئی ہے۔ ملٹی میڈیا، پراجیکٹرز اور سکولوں اور ہاسٹل دونوں جگہوں سے بذریعہ انٹرنیٹ دنیا سے ہمہ وقت رابطے میں رہیں گے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کشمیر کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کا مقام ہے کہ آزاد کشمیر میں دانش سکولوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے یہ وہ سکول ہے جس کی بنیاد میرے قائد میاں محمد نواز شریف کی سربراہی میں ہم نے پنجاب میں رکھی تھی۔ان دور افتادہ علاقوں کے لئے،ان ماؤں کے بیٹوں اور بیٹیوں کے لئے جو انتہائی ذہین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے والدین کے پاس وہ مالی وسائل نہیں تھے جس سے وہ اپنے بچوں کو پڑھا لکھا کر پاکستان کے عظیم معمار بنا سکتے اور اگر یہ دانش سکول معرض وجود میں نہ آتے تو وہ انتہائی قابل بچے اور بچیاں اپنے دور افتادہ دہہات کی گلیوں اور محلوں کی دھول میں گم ہوجاتے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ نے موقع دیا آج وہ بچے انجینئرز اور ڈاکٹرز بن گئے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر جو ہمارے مائیں اور بزرگ، نوجوان جو آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور کشمیر کی وادی ان کی خون سے سرخ ہو گئی ہے وہ بھی آج خوش ہوں گے ہمارے بچے، بیٹے اور بیٹیاں آزاد کشمیر میں علم و دانش کے گہوارے میں تعلیم حاصل کریں گے اور عظیم کشمیری اور پاکستانی بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایچی سن جیسے کالجز میں امراء کے بچوں کے علاوہ غریب کا بچہ داخلہ نہیں لے سکتا۔ اسے بھی بہتر دانش سکولوں میں یتیم بچے، غریب ماں باپ کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں یہی وہ نقطہ ہے جس کو اگر ہم پا جائیں تو تعلیمی انقلاب آجائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایک سال میں دانش سکول مکمل ہو گا اور تمام اخراجات وفاق برداشت کرے گا۔ سنگ بنیاد کی اس پروقار تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیرمقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش سکول کا منصوبہ شروع کرنے پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔ آزادکشمیر میں 4دانش سکول قائم کئے جائیں گے۔ کشمیریوں نے اپنی جہدوجہد آزادی کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، کشمیر کاز زندہ ہے اور زندہ رہے گا۔
انجینئرامیرمقام نے کہا کہ ہم نے سیاست کی بجائے ریاست کو ترجیح دی،ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پائیدارملکی ترقی کے لئے ہمیں ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالناہوگا۔ انجینئر امیرمقام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے عوام پرمظالم ڈھائے جارہے ہیں،وہ دن دورنہیں جب کشمیر کی آزادی کاسورج طلوع ہوگا۔
٭٭٭٭٭