حکومت کا ایک سال، وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور محکموں سے کارکردگی رپورٹ مانگ لی 

  حکومت کا ایک سال، وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور محکموں سے کارکردگی رپورٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وفاقی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پروزیراعظم وزارتوں، محکموں کی کارکردگی رپورٹ خود جانچیں گے۔وزیر اعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ ارکان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم کی جانب سے ہدایت نامہ تمام وزارتوں کو جاری کر دیا گیا۔مراسلہ میں گزشتہ 1 سال میں ہونے والے ریفارمز پرعمل درآمد رپورٹ طلب کر لی، ایک سال کے دوران دی گئی نوکریوں کی تفصیلات بھی مانگ لیں گئیں جبکہ وزارتوں اور اداروں کی طرف سے 12 ماہ میں اصلاحات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مراسلہ میں یہ بھی کہا ہے کہ محکمے اور وزارتیں پالیسی میں تبدیلی، ڈھانچہ جاتی ایڈجسٹمنٹ، گورننس میں اضافہ پر بریف کریں، سرکاری اداروں میں اصلاحات لانے میں کتنی کامیابی ملی جواب دینا پڑے گا۔خیال رہے وفاقی حکومت اس سال 1 لاکھ 50 ہزار خالی سیٹوں کو ختم کر دے گی جبکہ سرکاری محکموں میں ڈیلی ویجز کی سیٹیں بھی ختم کر دی جائیں گی۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور بیلاروس کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ گزشتہ برس نومبر میں صدر لوکاشینکو کے دورہ اسلام آباد کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ رواں برس میں منسک کے اپنے سرکاری دورے کے منتظر ہیں۔ صدر لوکاشینکو نے ٹیلی فون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  دونوں رہنماؤں نے دوستی اور تعاون کی موجودہ بنیادوں کو استوار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر عظم محمد شہباز شریف نے عبوری مرحلے کے دوران احمد الشرع کے شام کی صدارت سنبھالنے کو خوش آئند قراردیا ہے۔ جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ نئی قیادت شام کے برادر عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی لانے میں کامیاب ہوگی۔دریں اثنا وزیراعظم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں احمد الشرع کو عرب جمہوریہ شام کی صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی جو عبوری مرحلے میں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت شام کے برادر عوام کے لیے امن،ترقی اور خوشحالی لائے گی۔

وزیر اعظم

مزید :

صفحہ اول -