لوگوں کو ڈنڈے کے زور پر نہ دبائیں، حکمران ہوش کے ناخن لیں: عمر ایوب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نامہ نگار خصوصی) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ لوگوں کو ڈنڈے اور گولی کے زور پر نہ دبائیں،اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔لاہور کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے متنازع پیکا ایکٹ اور ڈیجیٹل نیشن بل کیلئے ووٹ دیا، ایسے متنازع قوانین پاس کرنے پر اس کو شرم آنی چاہیے، ہم نے سینیٹ اورقومی اسمبلی میں دونوں بلوں کی بھرپور مخالفت کی،یہ چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے نہ ہو، ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، بلوچستان میں حالات خراب ہیں، ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں، سرمایہ کاری کیسے آئیگی،ہم آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں پنجاب پولیس کچے کے ڈاکوؤں کا مقابلہ نہیں کرسکتی، پی ٹی آئی کارکنان پر چڑھ دوڑتی ہے،بانی پی ٹی آئی سے ہماری میٹنگ بھی نہیں کرائی جا سکی۔ قبل ازیں انسداد دہشتگری عدالت نے عمر ایوب کی 9 مئی کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 18 فروری تک توسیع کر دی عمر ایوب خان اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے تو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر دی،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عمر ایوب کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے؟ تو پولیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی اپوزیشن لیڈر کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا ہے. عمر ایوب خان نے بتایا کہ وہ خود جے آئی ٹی میں گئے تھے عدالت نے باور کرایا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل ہونی چاہیے،عمر ایوب نے جناح ہاؤس حملے سمیت تین مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔
عمر ایوب