زراعت میں نئے انقلابی منصوبے شروع کیے ہیں : فضل حکیم خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے زرعی دفتر شعبہ توسیع امانکوٹ سوات کا دورہ کیا اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمٰن، سٹی میئر شاہد علی خان اور دیگر بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے زرعی دفتر پہنچنے پر اُن کا شاندار استقبال کیا گیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت لوئر سوات ڈاکٹر جان محمد،سابق ڈائریکٹر زراعت لوئر سوات محمد صدیق، ایس ایم ایس ایگرانومی نجیب اللہ خان،ایگریکلچر افسران عمران خان، اسرار احمد، ساجد خان اور دیگر سٹاف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے پھلدار پودوں کے گھریلوں سطح پر لگانے کیلئے سکیم کا افتتاح بھی کیا ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت لوئر سوات ڈاکٹر جان محمد نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت شعبہ توسیع کے تحت لوئر سوات کے تینوں تحصیلوں میں کلائمیٹ ریزیلئلنس اور دوسرے پروجیکٹس کے تحت زمینداروں میں پھلدار پودے تقسیم کیے جا رہے ہیں، جس سے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور زمینداروں کی مالی حالت بہتر بنانے میں مدد ملی گی انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سکیمیں، جیسے گھریلو سطح پر باغبانی، کچن گارڈننگ بھی بہت منافع بخش ہیں بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کرائٹیریا پروجیکٹ کے تحت لوگ اپنے گھروں کے ساتھ چھوٹی سی اراضی میں باغات لگا سکتے ہیں اس سکیم کے تحت لوئر سوات میں 200 زمینداروں کو فائدہ پہنچے گا جس میں مالٹا، خوبانی، الوچہ، لوکاٹ اور لیموں کے پودے شامل ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر لائیوسٹاک فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے اور زراعت میں نئے اور انقلابی منصوبے شروع کیے ہیں جو غریب زمینداروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے زمیندار دوست منصوبے شروع کیے ہیں جو انشاءاللہ ملک میں زراعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ لوئر سوات میں ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر جان محمد کی سربراہی میں محکمہ زراعت شعبہ توسیع مزید ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا انہوں نے محکمہ زراعت شعبہ توسیع لوئر سوات کی کوششوں کو سراہا اس موقع پر سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا تھا تقریب میں صوبائی وزیر نے زمینداروں میں پھلدار پودے بھی تقسیم کئے اور فضل حکیم خان نے زرعی آفس امانکوٹ میں پھلدار پودا لگا کر سوات میں موسم بہاراں شجرکاری کا آغاز بھی کردیا اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان اور سٹی میئر شاہد علی خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔