پاک فوج کی طرف سے کڑی شموزئی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح
ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)پاک فوج کی طرف سے کڑی شموزئی کی عوام کےلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کےلئے مین روڈ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا، اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈیئر عامر حیات نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کڑی شموزئی کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا، اسٹیشن کمانڈر کی آمد پر علاقہ مشران نے ان کا شاندار استقبال کیا، بچوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے ، مشران نے علاقے کی روایتی لنگی اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ کو پہنائی ، علاقے کے مشران نے اس موقع پر پینے کے صاف پانی کےلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے پرپاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کےلئے وہ ہر قربانی دینے کےلئے تیار ہیں ، اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈیئر عامرحیات نے کہا کہ پاک فوج امن و امان کے قیام کےساتھ ساتھ لوگوں کو زندگی کی دیگر سہولیات بھی فراہم کرنے میں پیش پیش ہے، واٹر فلٹریشن پلانٹ کے ذریعے علاقے کے لوگوں کو6000گیلن یومیہ پانی فراہم ہوگا، پاک فوج کا علاقے کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا یہ ایک تحفہ ہے ۔