سرحدی چوکی پر 20سے زائد دہشت گردوں کا حملہ
ڈیرہ غازیخان‘تونسہ(سٹی رپورٹر‘نمائندہ پاکستان)پنجاب پولیس نے خیبرپختونخوا بارڈر پر واقع ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چوکی جھنگی پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔ 15 سے 20 خوارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر خیبرپختونخوا بارڈر پر واقع ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چوکی جھنگی پر مختلف اطراف سے شدید حملہ کیا، دہشت گردچیک پوسٹ پر قبضہ کر کے اہلکاروں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے۔ دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا۔ چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے جوانوں نے زبردست مزاحمت اور جوابی فائرنگ سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، دہشتگرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ جھنگی چوکی پر تعینات تمام اہلکار حملے میں محفوظ رہے، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی حملہ کی اطلاع ملتے ہی مزید کمک لے کر موقع پر پہنچے۔ سرحدی علاقے میں پولیس ٹیمیں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، خوارجی دہشت گردوں نے گزشتہ سال بھی یکم اور 02 مئی کی درمیانی شب اسی چوکی پر حملہ کی ناکام کوشش کی تھی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت ہر حکومتی فنڈ نگ سے جھنگی چیک پوسٹ کی عمارت کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے جبکہ جھنگی چوکی کو اضافی نفری، جدید آلات اور اسلحہ پہلے ہی فراہم کیا گیا ہے، آئی جی پنجاب کی جھنگی چوکی پر تعینات اہلکاروں کو دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر شاباش، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال میں پنجاب پولیس کی سرحدی چوکیوں پر خوارجی دہشت گردوں کا یہ حالیہ 18واں حملہ ناکام بنایا گیا،رات کی تاریکی میں حملہ کی بزدلانہ حرکت پر آئندہ بھی دشمن کو منہ کی کھانی پڑے گی، پنجاب پولیس کا ہر سپاہی ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے.