سپیشل بچوں کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کے سپیشل پراجیکٹس کا سپیشل ریکارڈ،پہلا سرکاری آٹزم سکول تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سپیشل بچوں کیلئے سپیشل پراجیکٹس کا سپیشل ریکارڈقائم کردیا-وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لاہور میں بننے والا پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سکول تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکاہے-پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول میں آٹزم کے مریض بچوں کا مفت علاج کیاجائے گا -وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر آٹزم سکول پراجیکٹ کی تکمیل ایک سال میں کی جائے گی -معاون خصوصی برائے وزیراعلی ثانیہ عاشق آٹزم سکول پراجیکٹ کی مانیٹرنگ پر مامور ہیں -اسکے ساتھ ساتھ پنجاب کے مختلف خصوصی تعلیمی اداروں میں 10 آٹزم یونٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں آٹزم کے شکار بچوں کے لیے درکارمخصوص تعلیمی سہولیات کی فراہمی کاآغاز کردیا گیاہے-
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن پنجاب شاہدہ فرخ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے حکم پر سپیشل طلبہ کے لیے 9,206 معاون آلات فراہم کیے گئے ہیں، سپیشل طلبہ کو 7,702 آلات سماعت، 360 وہیل چیئرز، 300 واکرز، 344 بیساکھیاں اور 500 سفید چھڑیاں دی گئیں - سپیشل ایجوکیشن سسٹم کی بہتری کے لیے 35 سکولوں کو مڈل سے سیکنڈری لیول، پرائمری سکول کی مڈل لیول پر اپ گریڈیشن کی گئی ہے-سپیشل ایجوکیشن کے 28سکولوں کوسنٹر آف ایکسی لینس اپ گریڈ کرنے کا پراجیکٹ شروع کردیا گیاہے-سپیشل ایجوکیشن کے بچوں کیلئے کلاس اول سے کلاس5تک خصوصی نصاب کی تیاری شروع کردی گئی ہے- سماعت سے محروم بچوں کے لیے ترجمہ القرآن کا خصوصی نصاب متعارف کرایا گیاہے-
پنجاب میں سپیشل طلبہ کیلئے مخصوص سکل کورسز کی تیاری کا عمل بھی جاری ہے-پنجاب میں پہلی مرتبہ نجی اداروں کے اشتراک سے سپیشل طلبہ کے لئے مخصوص اور منفرد جاب فیئرمنعقد ہواجہاں 900طلبہ کی رجسٹریشن کی گئی -قابل امر ذکریہ ہے کہ 25طلبہ کو ملازمت مل گئی ہے-سپیشل ایجوکیشن ووکیشنل میٹرک کے پہلے بیج کے 14سپیشل طلبہ نے کامیابی سے امتحان پاس کرلیا-پنجاب میں سپیشل ایجوکیشن کے معیار تعلیم کوبلندکرنے کے لئے سکول انفارمیشن سسٹم ڈویلپمنٹ کیا جا رہاہے، اس کیساتھ ساتھ سٹیزن ریلیشن شپ مینجمنٹ سسٹم، سپیشل ایجوکیشن موبائل ایپ اور سمارٹ مانیٹرنگ ایپ کی تیاری بھی کی جا رہی ہے-سپیشل ایجوکیشن مراکز سے صحت یابی کے عمل میں بہتری کے بعد 586طلبہ کے عام سکولوں میں ایڈمیشن کرایا گیا ہے- سپیشل طلبہ کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے لئے پہلی مرتبہ شاندار سپورٹس گا لہ بھی کرایا گیا-پنجاب میں 8 نئے خصوصی سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر مکمل ہوگئیں اور 9 مزید عمارتوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی-سپیشل ایجوکیشن مراکز میں سلو لرنر طلبہ کے لیے سکریننگ ٹول متعارف کرایا گیا-
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ سپیشل بچے ہمارے لئے سپیشل ہیروکی مانندہیں -سپیشل ایجوکیشن مراکز اور سسٹم میں بہتری کا ہدف ہرصورت پوراکریں گے -پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کے قیام سے والدین پر مالی بوجھ کم ہوگا-سپیشل بچوں کی بحالی کا مقصد انہیں معاشرے کا مفید اورکارآمد شہری بناناہے-