عالمی تیل کی قیمتوں میں 30 سے 35فیصد تک کی کمی
نیویارک (اے پی پی) سال 2015ء کے دوران بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں 30 سے 35فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق 2015ء مجموعی طور پر تیل کی عالمی مارکیٹ کیلئے اچھا ثابت نہیں ہوا ۔ اس سال کے دوران یورپیئن بینچ مارک نارتھ سی برینٹ کے تحت تیل کی قیمتوں میں 35فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ امریکی بینچ مارک ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے تحت تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر30فیصد کمی آئی جو گذشتہ 11 برسوں میں کم ترین شرح تھی ۔ سال کے آخری روز تیل کے مستقبل کے سودوں میں بالترتیب 44 اور82سینٹ تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔