پنجاب حکومت نے کلیریکل کیڈر کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی
لاہور(خبر نگار خصوصی )پنجاب حکومت نے کلیریکل کیڈر کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے۔جس کے بعد جونئیر کلرک کو گریڈ 7سے 11،سنئیر کلرک کو 9سے14،اسسٹنٹ کو 14سے 16اورسپرینٹنڈنٹ کو 16سے17گریڈ دیا گیا ہے۔ ٹیکنیکل کیڈر کی 10سال سروس کے بعد اگلے سکیل میں ترقی دی جانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے سمری منظوری کے بعد چیف سیکرٹری کو بھجوا دی ہے جس کے بعد امکان ہے کہ آئندہ ہفتہ محکمہ خزانہ باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ اپ گریڈیشن کا اطلاق یکم جنوری 2016سے ہو گا۔دوسری طرف پنجاب حکومت نے درجہ چہارم کے ملازمین دفتری کا سکیل 2سے بڑھا کر 4کر دیا ہے اور قاصد کا سکیل 2سے بڑھا کر 3کر دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے ۔کلیریکل کیڈر کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کلیریکل کیڈر کی اپ گریڈیشن کی سمری کی منظوری دے کر پنجاب میں دس لاکھ کے قریب کلیریکل کیڈر کے ملازمین کو نئے سال2016ء کے موقع پر عظیم اور تاریخی تحفہ دے کر ان کے دل جیت لئے ہیں ۔ ملازمین نے وزیر اعلی پنجاب کے اس اقدام کو سنہری حروف میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جو لوگ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو ملازمین کے حق میں نہیں سمجھتے تھے وزیر اعلی کے اس تاریخی اقدام نے اس غلط تاثر کو زندہ دفن کر دیا ہے اور لاکھو ں ملازمین کی ہمدردیاں لے کر ان کو اپنا ہمنوا بنا لیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری غلام غوث نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ وزیر اعلی پنجاب کی منظور کی گئی سمری کے مطابق جونئیر کلرک کو گریڈ7 سے گریڈ11 ،سینئر کلرک کو گریڈ9 سے گریڈ14 ، اسسٹنٹ کو گریڈ 14 سے گریڈ16 اور سپرنٹنڈنٹ کو گریڈ16سے ریگولر گریڈ17 دیا گیا ہے اور ٹیکنیکل کیڈر کی ٹائم سکیل پروموشن کی بھی منظوری دے دی ہے ۔جس کے مطابق گریڈ5 سے گریڈ16 تک پائے جانے والے تمام ٹیکنیکل کیڈر کے ملازمین کو ہر دس سال بعد اگلا سکیل دے دیا جائے گا۔ اس کا اطلاق یکم جنوری 2016 سے کیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن پہلے ہی خادم پنجاب زندہ باد ریلی کا اعلان کر چکی ہے اور اگلے ہفتے یہ شاندار ریلی سیکرٹریٹ سے مال روڈ،فیصل چوک پنجاب اسمبلی تک نکالی جائے گی ۔ ایپکاوزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین کی خیبر پختونخواہ کی طرز پر اپ گریڈیشن کی سمری منظور کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی،ایپکا پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب بھر کی ملازمین کا جشن ،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشاد اور صدر لاہور ڈویژن لالہ محمد اسلم کی جانب سے تمام سرکاری ملازمین کو مبارکباداور وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا گیا انہوں نے مزید بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی سمری منظور کر کے چیف سیکرٹری کو ہدایات جاری کر دیں ہیں کہ جلد از جلد اس سمری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اس موقع پر پنجاب بھر کے تمام ملازمین کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔