آئین میں موجود اسلامی دفعات کو کوئی خطرہ نہیں ہے،طاہر محمود اشرفی
لاہور(نمائندہ خصوصی)آئین میں موجود اسلامی دفعات کو کوئی خطرہ نہیں ہے ، نظریاتی کونسل میں ایسے مسائل کو ایجنڈہ پر نہیں لانا چاہیے تھا جن سے انتشار پھیلے ۔ مولانا شیرانی سے ذاتی اختلاف نہیں ، مولانا فضل الرحمن اور دیگر اکابر علماء جو بھی بلائے گا اپنا مؤقف پیش کریں گے یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مولانا محمد خان لغاری ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا غلام اللہ خان ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا حافظ محمد امجد، مولانا محمد مشتاق لاہوری اور مولانا عبد القیوم بھی موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں ہونے والا واقعہ غیر متوقع تھا مولانا شیرانی کی داڑھی کا احترام کرتے ہوئے جواب نہیں دیا ۔ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ آئین میں طے شدہ مسائل کو مولانا شیرانی نے دوبارہ کیوں ایجنڈہ پر لانے کی کوشش کی اس کی وضاحت کریں جس کی وضاحت چار دن گزرنے کے باوجود مولانا شیرانی نے نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیوں سمیت غیر مسلموں کے حقوق کے معاملات آئین پاکستان میں طے ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 10 فروری کو پیغام اسلام کانفرنس میں عالم اسلام کی اہم ترین قیادت شریک ہو گی۔