تمام جماعتیں ملک دشمن پالیسی پر عمل پیرا جماعتوں کو باہر نکالیں،عبدالغفار روپڑی
لاہور( نمائندہ خصوصی) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ تمام جماعتیں ملک دشمن پالیسی پر عمل پیرا انتشار پھیلانے والوں کو اپنی صفوں سے نکالیں ملکی استحکام اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی مضمرملک کی تقدیر بدلنے کیلئے تمام مذہبی جماعتیں مل کر کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں خطبہ جمعہ کے دوران حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی ابتر صورتحال ، ہچکولے کھاتی معیشت اور دیگر سنگین بحرانوں سے نجات اسلامی قوانین کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ خلفائے راشدین نے موجودہ سے بھی ابتر ترین صورتحال میں احکام الٰہی اور تعلیمات رسولﷺ اپنا کر انتظامی امور سر انجام دئیے جن کی مثال آج تک نہیں ملتی۔ حکمران تاریخ اسلام سے سبق سیکھیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی سربراہی میں اسلامی ممالک کے اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر ان کو کمزور کیا جا رہا ہے تاکہ اسلامی ممالک کے وسائل اور قیمتی ذخائر پر قبضہ جمایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مغربی اقدار کی پیروی کرنے سے پہلے یہ ضرور سوچ لینا چاہیے کہ انہوں نے بھی اسلام کے بتائے اصولوں کو اپنا کر ترقی کی منزلوں کو چھوا۔ ہم مسلمان ہونے کے باوجود احکام الٰہی سے منہ موڑ چکے ہیں جس کے باعث پوری دنیا میں پستی اور زوال کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش سنگین مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی شریعت کے نفاز میں محفی ہے۔ انہوں نے سودی نظام کے مکمل خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکمران اللہ کے ہاں سرخروئی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سودی نظام کو مکمل طور پر ختم کریں