جماعت اسلامی لاہور کا رہائشی آبادیوں میں ’’مکسنگ پلانٹس‘‘ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
لاہور(اپنے خبر نگار سے) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اورنج لائن ٹرین کی آڑ میں رہائشی آبادی مصطفی ٹاؤن وحدت روڈ پر بنائے گئے مکسنگ پلانٹ کی وجہ سے اہلیان علاقہ کو پہنچنے والے بے شمار مسائل کے خلاف ملتان چونگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہر ے سے جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عبد العزیز عابد ، نائب امیر زون 160 انجینئر سلمان ایوب ، امان اللہ خان ، حافظ مظہر جیلانی ، عاصم ثناء قاضی، سعید احمد پراچہ اور دیگر اہل علاقہ نے خطاب کیا ۔ سیکرٹری اطلاعات جنرل عبد العزیز عابد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر میں بد انتظامی کی وجہ سے اہل علاقہ کے مسائل میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے خاص کر رہائشی آبادیوں میں کئی مقامات پر مکسنگ پلانٹس قائم کرنے کی وجہ سے قرب و جوار کی آبادیوں میں بچے،خواتین وحضرات گرد اور مٹی کی وجہ سے بے شمار بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں جہاں اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام ہو رہا ہے وہاں سیوریج اور پینے کا پانی آپس میں مل کر بیماریاں پیدا کر نے کی فیکٹریاں ہیں اور سیوریج کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کو تعمیر کرنے والے کنٹریکٹرز اور نا اہل انتظامیہ کی باہمی ملی بھگت سے ماحولیاتی دہشت گردی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے ۔ کنٹریکٹرز اور تعمیراتی ٹھیکیداروں نے ٹھیکے لیتے وقت کئے گئے اپنے معاہدات کو پس پشت ڈال دیا ہے اور ان کی نگرانی کرنے والے افراد اور ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے ٹریک پر جگہ جگہ کھدائی کی وجہ سے ہر وقت ٹریفک بلاک رہتی ہے ۔ ٹریفک کے مسائل نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے متبادل روٹس کا بھی انتظام نہیں کیا گیا ہے ۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر حکومت نے ان کے مسائل کی طرف توجہ نہ دی اور ان کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل نہ کیا تو وہ مکسنگ پلانٹ کے مقام پر احتجاجی دھرنا دینے پر مجبو ر ہونگے ۔