نیشنل لیبر فیڈریشن 6 جنوری کو نجکاری کے خلاف ریلوے اسٹیشن کراچی میں جلسہ کرے گی
لاہور ( پ ر) نیشنل لیبر فیڈریشن نجکاری کے عمل کے خلاف مورخہ 6 جنوری 2016 بروز بدھ صبح 10:30 بجے بمقام ریلوے اسٹیشن کراچی میں جلسہ عام کرے گی۔ جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے۔ اس موقع پر ملک بھر کی تمام لیبر فیڈریشن کے نمائندے جلسہ میں بھرپور شرکت کر کے نجکاری کے خلاف احتجاج کریں گے۔ اس ضمن میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر رانامحمود علی خان نے جلسہ کی کامیابی کیلئے لاہور کا دورہ کیا اور این ایل ایف کے عہدیداروں ملک عبد العزیز صدر این ایل ایف پنجاب، ڈاکٹر عمر سعود، مرکزی کو آرڈینیٹر این ایل ایف امین منہاس ، محمد ایوب خان، محمد اعجاز، طیب اعجاز کے علاوہ دیگر ذمہ داران سے تفصیلی ملاقات و مشاورت کی۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ این ایل ایف نجکاری کے خلاف جلسہ میں بھرپور شرکت کرے گی۔ رانا محمود علی خان نے ملاقات کے بعد انتظامات کو تسلی بخش قراردیا اور کہا کہ ہم منافع بخش اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 6 جنوری کا جلسہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ حکومت نجکاری کے عمل کو فی الفور بند کرے اور مزدور دشمنی کا ثبوت نہ دے ورنہ مزدور اپنے خون سے نجکاری کو روکنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔