بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے بلوچ بھائیوں کی تقدیر بدل دینگے :جنرل راحیل شریف
کوئٹہ،راولپنڈی /گوادر (این این آئی، آ ن لا ئن،مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ مجھے پورا یقین ہے کہ سال 2016دہشتگردی کے خاتمے اور یکجہتی کاسال ہوگا ٗ انشاء اللہ قوم کی حمایت کے ساتھ دہشتگردی ٗ جر ائم پیشہ افراداور کرپشن کا گٹھ جوڑ توڑ کر انصاف اور امن کی راہ ہموار کرینگے ۔ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے امن و امان سے منسلک ہیں ، ترقیاتی کاموں میں بلوچ عوام کا ساتھ دینے پرشکریہ ادا کرتے ہیں۔گوادر میں بلوچ عمائدین سے ملاقات میں گفتگو کر تے ہو ئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہبلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے بلوچ بھائیوں کی تقدیر بد ل دیں گے۔امید ہے کہ فورسز صوبے میں امن و امان کی بحالی میں بھر پور کردار ادا کریں گی۔ آئی ایس پی آ ر کے مطا بق جنرل راحیل شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے گوادر ،تربت اور تلار کا دورہ کیا۔اس دوران آرمی چیف کو بلوچستان بالخصوص مکران میں ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران آرمی چیف کو بتا یا گیا کہ مکران میں عسکریت پسندی بہت حد تک کم ہو گئی ہے جس پر جنرل راحیل شریف نے اطمینا ن کا اظہار کیا۔جنرل راحیل شریف نے گوادر بندر گاہ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور صوبے میں مزدوروں کے تحفظ کومزید موثر بنانے کی ہدایت کی ،ان کا کہنا تھا کہ گوادر کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ بنائیں گے۔اس موقع پر آرمی چیف نے صوبے میں پاک فوج ،ایف سی اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ، آئی ایس پی آرکے مطابق ۔گوادر میں شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے علاقے کی سیکیورٹی اور ترقی کیلئے مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔