پائلٹ نے جہاز کی کھڑکی سے کچھ ایسا دیکھا کہ رن وے سے جہاز کو واپس موڑ لیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک عام بس بھی ایک بار اڈے سے نکل جائے تو کسی ایک مسافر کے لیے واپس نہیں لوٹتی لیکن امریکہ میں پائلٹ نے ایک غمزدہ فیملی کے لیے جہاز واپس موڑ دیا۔ڈیلٹا ایئرلائنز کی یہ پرواز امریکی ریاست منیسوٹا کے مینیاپلیس سینٹ پاؤل ایئرپورٹ سے ریاست ٹینیسی جا رہی تھی۔ریک شارٹ نامی شخص کے 56سالہ والد کا انتقال ہو گیا تھا۔ متوفی کی خواہش تھی کہ اسے اس کی فیملی کی موجودگی میں امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر بولیوار میں دفن کیا جائے۔ چنانچہ فیملی نے اس کی میت جہاز کے ذریعے ایک دن پہلے ٹینیسی بھجوا دی اور اپنے لیے اگلے دن کے ٹکٹس بک کروا لیے مگر وہ تدفین کے انتظامات کی وجہ سے ایئرپورٹ لیٹ پہنچے۔ ایئرپورٹ پر ڈیلٹا ایئرلائنز کی انتظامیہ نے انہیں بتایا کہ طیارہ رن وے کی طرف نکل چکا ہے اور اب اسے روکا نہیں جا سکتا۔مگر یہ فیملی گیٹ (جہاز پر سوار ہونے کی مخصوص جگہ) پر چلی گئی اور یہ لوگ رن وے کی طرف جاتے جہاز کی طرف ہاتھ ہلانے لگے۔ اتفاق سے جہاز کے پائلٹ نے اس دل گرفتہ فیملی کو دیکھ لیا اور یوٹرن لے کر واپس جانے کا فیصلہ کیا۔ اس نے کنٹرول ٹاور کو اطلاع دی اور جہاز کو واپس موڑ کر گیٹ پر لے آیا اور فیملی کو ساتھ لے کر پرواز کی اور انہیں بروقت ٹینیسی پہنچا دیا۔ برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کی رپورٹ کے مطابق متوفی کی بیوہ مریشا نے ایک فیس بک پوسٹ میں سارا واقعہ بیان کیا جہاں دیگر فیس بک صارفین پائلٹ کے اس اقدام کی تعریفیں کر رہے ہیں۔ ڈیلٹا ایئرلائنز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے مخصوص حالات کے پیش نظر جو اقدام کیا وہ ڈیلٹا کے کلچر کی عکاسی کرتا ہے جو انسانی ہمدردی کے جذبات سے معمور ہے۔