’’داعش مغرب کے ساتھ حتمی جنگ کی تیاری کر رہی ہے‘‘ ڈاکٹر تھیوڈور کاسک کا انکشاف
دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی ممالک شام میں برسرپیکار شدت پسند تنظیم داعش کی طرف سے پریشان تو پہلے ہی تھے مگر دہشت گردی کے امور کے ایک ماہرنے ایک ایسا انکشاف کیا ہے جسے جان کر ان ممالک کی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ماہرڈاکٹر تھیوڈور کاسک نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’داعش مغرب کے ساتھ حتمی جنگ کی تیاری کر رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ہے کہ’’ مختلف ممالک شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہے ہیں، اس بڑھتی بمباری کے باعث داعش نے بھی مزاحمت کی تکنیک تبدیل کر لی ہے اور مغربی ممالک پر حملوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ‘‘ڈاکٹر تھیوڈور کا دعویٰ داعش کے اس بیان کے کچھ ہی دن بعد سامنے آیا ہے جس میں اس نے اپنے شدت پسندوں سے مغربی ممالک میں حملے تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر کاسک کا کہنا تھا کہ ’’ایک طرف امریکہ اور اس کے اتحادی داعش کو نشانہ بنا رہے ہیں اور دوسری طرف روس بھی اس کے ٹھکانوں کو تیزی سے تباہ کر رہا ہے، اسی وجہ سے داعش کے گڑھ رمادی پر پھر سے عراقی سکیورٹی فورسز کا قبضہ ہو چکا ہے اور وہ موصل کے قریب پہنچ چکی ہیں جو عراق میں داعش کا سب سے مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔داعش نے اس پسپائی سے بچنے کے لیے تکنیک تبدیل کر لی ہے اور مغربی افواج کی اس بمباری کے جواب میں اب وہ مغربی ممالک پر حملوں میں تیزی لانے جا رہی ہے۔‘‘