ٹرسٹ بورڈ ملازمین کیلئے رہائشی اپارٹمنٹس بنانے کیلئے کوشاں ہوں،صدیق الفاروق
لاہور(کامرس رپورٹر)متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ خدا کرے2016ملکی ترقی ، قومی خوشحالی اور عالمی امن و مسلم اُمہ کے باہمی اتحاد کا سال ثابت ہو اور تمام پاکستانی متحد ہو کر دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کے خاتمہ کیلئے حکومت اور پاک فوج کا ساتھ دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورڈ آفس میں سال 2016کے آغاز پر کیک کاٹنے اور دعائیہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر بورڈ کرنل (ر) مبشر جاوید ، ہندو رہنما ڈاکٹر منورچاند، سیکرٹری بورڈ اکرام الحق، ایڈیشنل سیکرٹری خالد علی، ڈپٹی سیکرٹری محمد بوٹا،پی آراو عامر حسین ہاشمی، پروٹوکول اسسٹنٹ گلریز چوہدری،ایمپلائز یونین جنرل سیکرٹری عبد الوحید خان، ایڈمنسٹریٹر لاہور عظمہ شہزادی ، منیر احمد بھٹی ، سیکرٹری ایجو کیشن نسرین مہدی، یاسر اکرم سمیت اقلیتی رہنماؤں، افسران و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ میں ٹرسٹ بورڈ کے ملازمین کیلئے رہائشی اپارٹمنٹس بنانے اور ادارہ کو منافع بخش بنانے سمیت اس کو درپیش اہم مسائل جلد ازجلد حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں اور سال 2016انشاء اللہ مجھ سمیت میر ی حکومت کے نیک ارادوں اور وعدوں کی تکمیل کا سال ثابت ہو گا۔