پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھاپے، 4 ہزا ر2سو کلوملاوٹ شدہ چائے کی پتی برآمد
لاہور(کامرس رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ناقص او ر ملاوٹ شدہ اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤ ن جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق راوی ٹاؤن کی فیلڈ ٹیم نے گزشتہ روز کاروائی کرتے ہوئے دہلی دروازہ کے علاقہ سے چار ہزا ردوسو کلوچائے کی ملاوٹ شدہ پتی برآمد کی، موقع پر پتی کا جائزہ لینے پر پتی میں ملاوٹ پائی گئی جس بنا پر پتی کو قبضہ میں لے لیا گیااور نمونہ جات کو مزید جائزے کے لئیے لیبارٹری بھجوادیا گیا، جبکہ دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی ۔علاوہ ازیں سمن آباد ٹاؤن کی ٹیم نے چوک عاشق آباد میں واقع بوٹا سویٹس اینڈ بیکر جبکہ گلبرگ ٹاؤن کی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم کے باہر واقع بٹ کوزیں کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات کی بنا پر سربمہر کر دیا۔مزید براں شالیمار ٹاؤن کی ٹیم نے لنک روڈ پر واقع حاجی بھٹی تکہ، سمن آباد ٹاؤن کی ٹیم نے چوک عاشق آبادمیں واقع گل سویٹس ، گلبرگ ٹاؤن کی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم کے باہر واقع بشیر دارالماہی اور فیصل ٹاؤن میں واقع ندیم بوفے، داتا گنج بخش ٹاؤن کی ٹیم نے نیلا گنبد میں واقع قصرِشریں جبکہ نشتر ٹاؤن کی ٹیم نے قائد اعظم انڈسڑیل اسٹیٹ میں واقع پولٹری پلس انڈسٹری کو صفائی کے ناقص انتظامات کی بنا پر جرمانے عائدکئے اور بہتری کے احکامات جاری کئے۔