لاہور ہائی کورٹ بار، مرنے والی پالتو بلی کی سالگرہ کی تقریب ، وکلا کی بڑی تعداد شریک
لاہور(نامہ نگارخصوصی)بیمار پالتو بلے کاصحیح علاج نہ کرنے کے باعث اس کی ہلاکت کے الزام میں متعلقہ ڈاکٹر کے خلاف اندراج مقدمہ میں ناکامی کے بعد پنجاب یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر عطیہ مسعود نے بعض وکلاء کے ساتھ مل کر اسے ایک تحریک کی شکل دے دی ،اس سلسلے میں گزشتہ روز ہائیکورٹ بار کے احاطے میں بلے کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔اسسٹنٹ پروفیسر عطیہ مسعود کی پالتو بلے کی ہلاکت پر ویٹرنری ڈاکٹر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سیشن عدالت سے خارج ہونے کے بعد اب لاہور ہائیکورٹ میں قابل سماعت ہونے کی سطح پر زیر التوا ہے۔ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ مقبول شیخ ا ورچودھری شعیب سلیم سمیت کئی وکلاء نے ہائی کورٹ بار کے احاطہ میں بلے کی سالگرہ منانے کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ بار میں ایسی غیرسنجیدہ سرگرمیوں سے معاشرے میں غلط تاثرپھیلتا ہے ۔