2015ء میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے موبائل فونز کی فہرست سامنے آگئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) 2015ء گزر گیا، اور اس گزرے سال کے متعلق جہاں دیگر شعبوں کے اعدادوشمارسامنے آ رہے ہیں وہیں موبائل فونز کی فروخت کے حوالے سے بھی ایک فہرست سامنے آئی ہے، کہ 2015ء میں کون کون سے موبائل فون سب سے زیادہ فروخت ہوئے۔یہ فہرست ایک ویب سائٹ USwitchنے ترتیب دی ہے۔ فہرست کے مطابق گزشتہ سال ایپل کا آئی فون 6(16 GB)سب سے زیادہ فروخت ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ پہلی چار پوزیشنوں پر ایپل ہی کے دوسرے ماڈل براجمان تھے۔ پانچویں نمبر پر سام سنگ گلیکسی کا ایس 6ماڈل سب سے زیادہ فروخت ہونے والا سمارٹ فون تھا۔فہرست کے مطابق 16جی بی میموری والا ایپل آئی فون 6پہلے نمبر پر رہا۔فہرست میں اس کے بعد بالترتیب 16جی بی آئی فون 5ایس، 64جی بی آئی فون 6، 16جی بی آئی فون 6ایس، 32جی بی سام سنگ گلیکسی ایس 6، 8جی بی آئی فون 5سی، 64جی بی آئی فون 6ایس 32جی بی سام سنگ گلیکسی ایس 6ایج، سام سنگ گلیکسی نوٹ 4 اور 16جی بی سام سنگ گلیکسی ایس 5تھے۔ فہرست میں پہلی چارپوزیشنوں پر ایپل، پانچویں پر سام سنگ گلیکسی، چھٹی اور ساتویں پوزیشن پر پھر ایپل کے آئی فون اور اس کے بعد باقی تین پوزیشنوں پر سام سنگ کے سمارٹ فون آئے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پہلے 10نمبروں پر صرف ایپل اور سام سنگ ہی کے موبائل فون آئے اور کوئی بھی دوسری کمپنی پہلی دس پوزیشنوں میں نہ آ سکی۔