صوبائی حکومت کے پاس سرکاری محکموں کا نظام ٹھیک کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں :پرویز خٹک
نوشہرہ(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے پاس سرکاری محکموں اور خدمات کا نظام ٹھیک کرنے کے سوا کوئی راستہ موجود نہیں اس لئے ہم ایسا نظام لانے کیلئے کوشاں ہیں جس سے رشوت، کرپشن، کام چوری اور سرکاری عہدوں پر بیٹھ کر ذاتی مفادات حاصل کرنے کے تمام راستے بند ہو جائیں اور صوبے کے عوام خصوصاًکمزور اور غریب طبقوں کو حق و انصاف اور بیروزگاری،تعلیم، صحت سمیت اُن کے مسائل کے حل کے تمام راستے کھل جائیں اور ان مسائل کے حل کیلئے وہ ارباب اختیار کے محتاج نہ ہوں اُنہوں نے کہاکہ صوبے سے بیروزگاری ختم کرنے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے ایسی صنعتی پالیسی تشکیل دی ہے جس سے خصوصی مراعات کے تحت صوبے میں قائم ہونے والے کارخانے بند نہیں ہوں گے اور ان کارخانوں کی پائیداری اور استحکام یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت دیگر مراعات کے علاوہ ہر سال تقریباً پانچ ارب روپے کا مارک اپ صنعتکاروں کی جانب سے صوبائی حکومت بینکوں کو ادا کرے گی وہ جمعہ کے روز نوشہرہ میں نوشہرہ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ اور گورننگ باڈی کی حلف برداری کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے وزیراعلیٰ نے پریس کلب کی کابینہ اور گورننگ باڈی کے ارکان سے ان کے عہدوں کا حلف بھی لیا جن میں صدر مشتاق احمد پراچہ، نائب صدر جہانزیب خٹک، جنرل سیکرٹری نور خالق خٹک، جائنٹ سیکرٹری ولی اﷲ شاہ، فنانس سیکرٹری ظہور احمد اور دیگر شامل تھے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ مشتاق احمد غنی، صوبائی وزیر ایکسائز وٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل، معاون خصوصی برائے منصوبہ بندی میاں خلیق الرحمن، ایم پی اے محمد ادریس خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک، نائب ناظم اشفاق احمد خان، فضل ودود خان و میاں اقبال شاہ اور دیگر بلدیاتی نمائندوں، عمائدین اور پریس کلب کے عہدیداروں و اراکین نے شرکت کی پریس کلب کے نومنتخب صدر مشتاق پراچہ نے اس موقع پر اپنے خطبہ استقبالیہ میں پریس کلب کی ترقی اور نوشہرہ کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے تعاون پر انہیں خراج تحسین پیش کیا انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے فراہم کردہ 50 لاکھ روپے کے انڈومنٹ فنڈ سے نوشہرہ کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں ہمیشہ کیلئے فنڈز کی فراہمی کا بندوبست کردیا گیا ہے جبکہ نوشہرہ میڈیا کالونی کے ترقیاتی کاموں کے لئے وزیراعلیٰ نے ایک کروڑ تین لاکھ روپے کی رقم بھی فراہم کردی ہے اور پریس کلب کی عمارت کیلئے دو کنال 17 مرلے اراضی بھی جلد مل جائے گی پریس کلب کے صدر نے کہاکہ نوشہرہ میں جدید میڈیکل کمپلیکس، میڈیکل کالج، ٹیکنکل یونیورسٹی ،سیلاب سے بچاؤ کے منصوبے ، پشتون گڑھی پل اور اس طرح کے دیگر ترقیاتی منصوبے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے اہم کارنامے ہیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے میڈیا پر زور دیا کہ وہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کو سمجھنے کی کوشش کرے کیونکہ پی ٹی آئی کا تبدیلی کا فلسفہ محض سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر ہی نہیں ہے بلکہ ان عمارتوں میں فراہم کی جانے والی خدمات کی ابتر صورتحال کودرست کرنا ہے اور ایسانظام رائج کرنا ہے جس سے عام آدمی اور غریبوں کو اُن کے حقوق کسی سفارش اور رشوت کے بغیر مل سکیں اُنہوں نے کہاکہ ہمارے نزدیک سب سے بڑا میگا پراجیکٹ یہ ہے کہ بچوں کو تعلیم دینے والا استاد سکولوں میں موجود ہو اور مریضوں کا علاج کرنے والا ڈاکٹر ، ادویات و دیگر سہولیات ہسپتالوں میں موجود ہوں پولیس کسی سے ظلم زیادتی نہ کرے ، کوئی رشوت اورکمیشن طلب نہ کرے انہوں نے کہا کہ نظام ٹھیک کرکے اس کی نگرانی کرنا اصل تبدیلی ہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ ادوار میں " ایزی لوڈ" کلچر نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار کا بیڑہ غرق کیا تاہم انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبے پائیداری میں اپنی مثال آپ ہوں گے کیونکہ ہماری حکومت میں تعمیراتی ٹھیکوں میں کمیشن کا کوئی تصور نہیں اور اس لعنت کے خاتمے کیلئے نظام کو بھی بدل دیا گیا ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی نئی صنعتی پالیسی کو اس قدر پذیرائی ملی ہے کہ حطار میں 600 ایکڑ کیلئے نئے اکنامک زون کے اعلان کے ساتھ ہی کارخانہ لگانے کیلئے سرمایہ کاروں کی لائن لگ گئی ہے اُنہوں نے کہاکہ اس پالیسی کے نتیجے میں صوبے میں پائیدار صنعتکاری یقینی ہوجائے گی کیونکہ صوبے میں قدرتی خام مال کے بے شمار ذخائر اور ہمسایہ ملک افغانستان کی وسیع تجارتی منڈی کے باعث بھی صوبے میں صنعتکاری کے لئے اس وقت انتہائی سازگار ماحول موجود ہے اور صنعتکاری سے بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا وزیراعلیٰ نے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ بھی نظام ٹھیک کرنے میں موجود ہ حکومت سے تعاون کریں اور سرکاری دفاتر میں کسی بھی کام کیلئے رشوت ہر گز نہ دیں اُنہوں نے کہاکہ ہمیں خود کو ٹھیک کرنے کی بھی ضرورت ہے ہر آدمی دوسرے پر انگلی اُٹھاتا ہے جو بہت بڑی زیادتی ہے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ نوشہرہ میڈیا کالونی کے ترقیاتی کام دو ماہ کے اندر مکمل کئے جائیں گے جبکہ 50 لاکھ روپے سے انڈومنٹ فنڈ کا قیام اور پریس کلب کیلئے اراضی کی فراہمی بھی جلد ممکن بنائی جائے گی جبکہ پریس کلب کے ترقیاتی اور امدادی اُمور سے متعلق متعلقہ محکموں کا ایک اجلاس بھی جلد طلب کیا جائے گا۔