محنت کش کے ہاتھ کاٹنے کے واقعہ کی تفتیش میرٹ پر ہو رہی ہے،ڈی پی او
حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی پی او شاکر حسین داوڑ نے کہا ہے کہ محنت کش کے ہاتھ کاٹنے کے مبینہ واقعہ کی تفتیش میرٹ پر ہو رہی ہے۔ جرم ثابت ہو گیا تو مجرمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی۔ انہوں نے اپنے دفتر میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ28دسمبر2015 دن 11بجے شیخوپورہ سے مبینہ واقعہ کی خبر میڈیا پر نشر ہوئی جس کے فوراً بعد حافظ آباد پولیس حرکت میں آئی اور انکوائری کے بعد معلوم ہوا کہ ہاتھوں سے محروم ہونے والا محمد اکرم اور اس کا باپ محمد صدیق رانا اسرار کے ڈیرے پر کام کرتے تھے۔22اکتوبر2015ء کو الیکٹرانک مشین پر چارہ کاٹتے ہوئے اس کے ہاتھ حادثاتی طور پر مشین میں آکر کٹ گئے ۔وہ دو ہفتے زیر علاج رہا، مگر اس دوران کسی نے بھی ڈاکٹرز کو نہیں بتایا کہ اس کے ہاتھ کسی نے زبردستی کاٹے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اب تک ایک بھی شہادت ایسی نہیں ملی جس کے تحت محنت کش کے ہاتھ کاٹنے کا جرم ثابت ہو ،تاہم ابھی تفتیش کا عمل جاری ہے اور نامزد ملزمان کو پولیس نے شامل تفتیش کررکھا ہے۔