فیس بک میں آنے والی سب سے بڑی تبدیلی، مستقبل میں ویب سائٹ کیسی ہوگی؟
سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) فیس بک نے اپنے صارفین کو خوشگوار حیرت میں مبتلاء کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے نتیجے میں آپ کو اس مقبول سوشل میڈیا ویب سائٹ کا ایک بالکل نیا اور دلچسپ روپ دیکھنے کو ملے گا۔ آنے والے دنوں میں فیس بک کے بنیادی ترین فیچرز میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ بس سمجھئے کہ ایک نیوز فیڈ کے دن ختم ہوگئے، اور اب صارفین اپنی روایتی نیوز فیڈ کے علاوہ اپنی دلچسپی کی بنا پر مختلف اقسام کی متعدد نیوز فیڈز دیکھ سکیں گے، جن میں سپورٹس فیڈ، سٹائل فیڈ اور ٹریول فیڈ وغیرہ بھی شامل ہوں گی۔ نئی فیس بک کا پروٹوٹائپ منگل کے روز کمپنی ونڈ فورس وینچرز کے بانی جیسن سٹین کی ایک ٹویٹ میں سامنے آیا۔ جیسن کا کہنا تھا کہ فیس بک اپنے صارفین کی دلچسپی پر مبنی فیڈز متعارف کروانے والی ہے، جس کے بعد آپ کی نیوز فیڈایک ایسے اخبار کی طرح ہوگی جو کہ دنیا بھر کے اخباروں کا مجموعہ ہوگا۔ اس آئیڈیا کی بنیاد فیس بک کی ’پیپر‘ ایپ پر رکھی گئی ہے جو کہ خود کار طریقے سے صارفین کی فیڈز کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرتی ہے۔ نئے فارمیٹ کا ایک دلچسپ پہلو ’مارکیٹ پلیس‘ فیچر ہوگا جس کی مدد سے صارفین اپنی نیوز فیڈ کو استعمال کرتے ہوئے صرف ایک بٹن کلک کرکے اپنی پسند کی اشیاء کی خریداری بھی کرسکیں گے، جبکہ فیس بک ویڈیوز دیکھنے، اپ لوڈ کرنے اور انہیں مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔