عمران خان کے الیکشن کمیشن پر الزامات کی کوئی حقیقت نہیں،علی اکبر گجر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ عمران خان کے الیکشن کمیشن پر الزامات کی کوئی حقیقت نہیں۔الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خودمختارادارہ ہے جو کسی دباؤ اوردھونس کے بغیراپناآئینی کرداراداکررہا ہے۔ ایسے آئینی ادارے اورحکومت پرمسلسل بہتان تراشی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش ہے جسے ملک کے عوام ناکام بنا دیں گے۔ تحریک انصاف حکومت اور الیکشن کمیشن کو دباؤمیں لا کر من مانے نتائج حاصل کرناچاہتی ہے اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پے در پے شکستوں اورناکامیوں کے سبب ذہنی مریض ہوگئے ہیں، انہیں فوری علاج کی ضرورت ہے ورنہ ان کی خودکش بمبار سیاست ملک اور قوم کے لئے نقصان دہ ثابت ہو گی۔انہیں نوازشریف فوبیا ہوگیا ہے اور انہیں اٹھتے بیٹھتے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پرانگلیاں اٹھانے اور ان کے خلاف پروپیگنڈہ کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔عمران خان اپنی کوتاہیوں اور ناکامیوں کی سزاملک اور معصوم عوام کو دینا چاہتے ہیں۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی کارکردگی اظہرمن الشمس ہے ۔دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کے بعد ملک میں تمام ادارے صحیح سمت میں گامزن ہیں ایسے میں منافقت اور احتجاج کی سیاست ملک اور قوم کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔نئے سال میں اپوزیشن خاص طور پر تحریک انصاف اور اس کی قیادت سے توقع کی جارہی تھی کہ وہ وسیع تر قومی مفاد میں ہوش کے ناخن لے گی اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے قومی منصوبوں میں حکومت کاہاتھ بٹائے گی لیکن آج الیکشن کمیشن اور حکومت کے خلاف ان کی ہرزہ سرائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کی ضد اورہٹ دھرمی جمہوری اقدار کی ترویج میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔