چارسدہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، 3 اساتذہ زخمی
چارسدہ (بیورورپورٹ)نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کا گورنمنٹ پرائمری سکول مر زا گان کے اساتذہ کرام پر اندھا دھند فائرنگ ۔ تین اساتذہ کرام زحمی ۔ سکول کے طلباء محفوظ رہے۔تنگی موڑ پر دکان میں سلنڈر دھماکہ ۔ تین افراد زحمی ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ پڑانگ کے حدو د بھوسہ خیل میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گورنمنٹ پرائمری سکول مرزا گان کے گیٹ پر اس وقت اندھا دھند فائرنگ کر دی جب سکول کی چھٹی ہو گئی اور طلباء گھروں کو روانہ ہو رہے تھے ۔ فائرنگ کے نتیجے میں سکول کے تین اساتذہ کرام محمد عادل ، صاحب علی اور ظاہر شاہ زحمی ہو گئے جن کو چارسدہ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی ۔ اس حوالے سے مجروح سکول ٹیچر سید ظاہر شاہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دو نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے سکول سے نکلتے ہی ہم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے وہ اور ان کے دیگر اساتذہ کرام زحمی ہو گئے ۔دوسری طرف پولیس نے دعوی کیاہے کہ دو مشتبہ افراد کو جائے وقوعہ سے گرفتار کیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے ۔دوسرے واقعہ میں تھانہ تنگی کے حدود تنگی موڑ میں دکان کے اندر سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں تین افراد نعمان ، افتخار اور طارق شدید زحمی ہو گئے جن کو تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی ۔