وزیرداخلہ کی ڈی پورٹیز سے متعلق ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

وزیرداخلہ کی ڈی پورٹیز سے متعلق ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزارت داخلہ کے متعلقہ حکام کو ڈی پورٹیز کے حوالے سے مختلف ممالک کیساتھ وضع کی جانے والی پالیسی میں ڈی پورٹیز سے متعلق وجوہات اور اس کی نوعیت کے بارے میں ایس او پیز کو حتمی شکل دینے، آئی این جی اوز کا ڈیٹا بنک بنانے اور اسے اپ ڈیٹ کرنے کا عمل جاری رکھنے اور پاکستانی ویزہ کے حصول کو مکمل طور پر کمپوٹرائزڈ کرنے کے ساتھ ساتھ سابقہ ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ انہوں نے یہ ہدایات جمعہ کو وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں نیکٹا چیف، چیئرمین نادرا، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ ڈی پورٹیز کے حوالے سے ایس او پیز کو حتمی شکل دینے، انٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن پر پیش رفت، کمپیوٹرائزڈ ویزا رجیم، نیکٹا کی فعالی کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات اور پولیس، ایف سی اور ایف آئی اے میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کومالی انعامات دینے کے حوالے سے طریقہ کار تشکیل دینے پر بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈی پورٹیز کے حوالے سے مختلف ممالک کیساتھ وضع کی جانے والی پالیسی میں وہاں سے ڈی پورٹ کئے جانے کی وجوہات اور ڈی پورٹیز کی نوعیت کو ملحوظِ خاطر کر ایس او پیز کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا آئی این جی اوز کا ڈیٹا بنک بنانے اور اسے اپ ڈیٹ کرنے کا عمل جاری رکھے تاکہ جہاں ان این جی اوز کا مکمل ریکارڈ اور کوائف موجود ہوں وہاں منظوری حاصل کرنے والی این جی اوز کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کی جاسکیں اور ان کے کام کو مزید آسان بنایا جا سکے۔ وزیرِداخلہ نے نادرا کو ہدایت کی کہ پاکستانی ویزہ کے حصول کو مکمل طور پر کمپوٹرائزڈ کرنے کے ساتھ ساتھ سابقہ ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔ اجلاس میں نیکٹا کی فعالی کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو آئندہ ہفتے انسانی سمگلرز کے خلاف جاری مہم میں پیش رفت اور گرفتار شدگان کے خلاف کی گئی قانونی کارروائی پر تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس، ایف سی اور ایف آئی اے کے اہلکاروں کو کیش انعامات دینے کے حوالے سے واضح پالیسی اور طریقہ کار مرتب کیا جائے تاکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی مناسب حوصلہ افزائی کی جاسکے۔