بھارت کے پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملہ،2فوجی اہلکار ہلاک ، چار حملہ آور بھی مارے گئے
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پنجاب میں پٹھان کوٹ ایئربیس پرنامعلوم افراد کے حملے میں دوبھارتی فوجی جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں چار حملہ آور بھی مارے گئے ، آخری اطلاعات تک دوحملہ آور بدستور عمارت میں موجود ہیں تاہم بھارتی میڈیا کاکہناہے کہ ایئربیس پر موجود ہیلی کاپٹر اور طیارے محفوظ ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس افسر سے گورداس پور کے علاقے سے گزشتہ روز چھینی گئی گاڑی میں حملہ آور آئے جنہوں نے فوج کی وردیاں پہن رکھی تھیں ، بھارتی سیکیورٹی فورسز کاکہناتھاکہ حملہ آور وں کا ہدف اہم تنصیبات کو نشانہ بناناتھاتاہم کامیاب نہیں ہوسکے ۔ حکام کے مطابق تاحال آپریشن جاری ہے اور دوسے تین مسلح حملہ آور موجود ہیں ۔
حملے کے بعد پنجاب اور جموں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی جبکہ علاقے کو سیل کردیاگیا۔