یمن سے میزائل حملہ ،3 سعودی شہری جاں بحق ،11 زخمی
ریاض‘عدن(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے سرحدی علاقے جازان پر یمن کی طرف سے داغے گئے میزائل حملے میں 3 سعودی شہری جاں بحق ہو گئے جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ دیگر 11 افراد زخمی ہو گئے۔ سعودی عرب کی سول ڈیفنس کے ترجمان میجر یحییٰ القہطانی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جمعرات کے دن یمن کی طرف سے داغے گئے متعدد میزائل جازان شہری علاقے میں آگرنے‘ زخمی ہونےو الے 11 افراد میں 9 بچے شامل ہیں۔ ادھر ساحلی شہر عدن میں القاعدہ جنگجوﺅں اور یمنی حکومت کے حامی ملیشیا کے مابین ہونے والی ایک جھڑپ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ یمنی سکیورٹی حکام کے مطابق مشتبہ القاعدہ جنگجوایک اسلحہ سے لیس گاڑی پر شہرعدنان کی طرف آرہے تھے جب ایک چیک پوائنٹ پرروکا گیا تو جھڑپ ہو گئی اور پھر دونوں طرف سے گولیاں چل گئیں‘ اس فائرنگ میں دونوں طرف سے 3 ‘3 افراد مارے گئے۔ ادھر دارالحکومت صنعا کے قریب سعودی اتحادی طیاروں کی بمباری سے جیل النھدین اور باغیوں کے زیر تسلط صدارتی ہیڈ کوارٹرز میں اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ تباہ ہو گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق حکومتی فورسز نے سعودی عرب سے متصل گورنری حجہ کے سرحدی شہر حرض پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔