لاہور سمیت پاکستان کے متعدد شہر زلزلوں کے شدید جھٹکوں سے لرز گئے، آفٹر شاکس آسکتے ہیں، محکمہ موسمیات
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور سمیت پاکستان کے متعدد شہر زلزلوں کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھے۔پنجاب ، خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سمیت بھارتی دارالحکومت نئی دلی اور افغان دارالحکومت کابل میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق زلزلہ پیما مرکزکے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 175 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی ۔ زلزلے کا مرکزکوہ ہندوکش ریجن تھا۔
خیبرپختونخوا ، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے دفاتر اور گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے ۔
لاہور،اسلام آباد، پشاور، سوات حافظ آباد،سیالکوٹ ،بنوں ،ہنگو ،کرک ، لکی مروت،مہمند ایجنسی، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہستان، بٹگرام،میانوالی ، نوشہرہ ، سوات، قصور، کامونکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ،مانسہرہ ، کرم ایجنسی، استور، غذر، صوابی،دیربالا، لوئر دیر،سرگودھا، ایبٹ آباد، چترال، چنیوٹ، فیصل آباد،گوجرانوالہ، اوکاڑہ، ساہیوال، پتوکی، رینالہ خورد، کندیاں ، منڈی بہاؤالدین، ملکوال، جہلم ، ہری پور، مظفرآباد، میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں بھارتی دارالحکومت نئی دلی اور افغان دارالحکومت دلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آفٹر شاکس آسکتے ہیں شہری احتیاط سے کام لیں۔
پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اقتصادی راہداری کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ اسی اثنا میں زلزلہ آگیا جس کی وجہ سے تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی اور لوگ خوف کے مارے تقریب چھوڑ کر ہال سے باہر نکل آئے۔زلزلے کی وجہ سے ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔