جدہ سے سیالکوٹ جانے والی پی آئی اے پرواز کو کراچی اتار لیا گیا
کراچی (یوا ین پی)جدہ سے سیالکوٹ جانے والی قومی ائیر لائن کی پرواز کو اچانک کراچی اتار لیا گیا ۔ مسافروں نے پی آئی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز پرواز کو موسم کی خرابی کی وجہ سے کراچی اتارا گیا ۔ جدہ سے سیالکوٹ جانے والی پرواز پی کے سیون فور سیون کو اچانک کراچی اتار لیا گیا ۔ طیارے میں موجود مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے جہاز سے باہر آنے سے انکار کر دیا ۔ مسافروں کے مطابق پرواز جدہ سے ہی ساڑھے چھ گھنٹے تاخیر کا شکار تھی جس کے بعد کراچی لینڈنگ دہری پریشانی کا سبب بنی ۔ ادھر پی آئی اے انتظامیہ کہتی ہے طیارے کو موسم کی خرابی کے باعث کراچی اتاراگیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کے کپتان نے ڈیوٹی وقت ختم ہونے پر جہاز کراچی اتارا اور گھر چلا گیا جس کے بعد عملے نے طیارے کا اے سی بند کیا اور اس نے بھی گھر کی راہ لی ۔ اے سی بند ہونے سے طیارے میں حبس کے باعث متعدد مسافروں کی حالت غیر ہوگئی ۔