تنخواہوں کی عدم ادائیگی اسٹیل ملز ملازمین کی 41 ارب 67 کروڑ کی مقروض ہو گئی
کراچی(یوا ین پی)6 ماہ سے بند پاکستان اسٹیل ملز مسائل کے پہاڑ تلے دب گئی۔ ملز اپنے ہی ملازموں کی اکتالیس ارب سڑسٹھ کروڑ کی مقروض ہو گئی۔ انتظامیہ نے مرمت کیلئے حکومت سے آٹھ ارب بیاسی کروڑ ریٹائرڈ ملازموں کے بقایا جات کیلئے سات ارب انیس کروڑ روپے مانگ لیے۔موصول سرکاری دستاویزات کے مطابق اسٹیل ملز مسائل کے پہاڑ تلے دب چکی ہے۔ مسائل کے خاتمے کے لیے اسٹیل ملز نے وفاقی حکومت سے مدد مانگ لی ہے۔ دستاویزات کے مطابق اسٹیل ملز اپنے ہی ملازمین کی 41 ارب 67 کروڑ سے زائد کی مقروض ہے۔ جون 2015سے گیس کی بندش کے باعث اسٹیل ملز کی پیداوار صفر ہے۔ملز کے ملازمین تین ماہ کی تنخواہوں سے بھی محروم ہیں۔ 30 جون 2015تک اسٹیل ملز کے ذمہ ملازمین کے 41 ارب سے زائد کے واجبات ہیں جبکہ پلانٹس کی مرمت کے لیے بھی اسٹیل ملز کو 8 ارب 82 کروڑ روپے درکار ہیں جس کے لیے اب اسٹیل ملز نے حکومت سے مدد مانگی ہے تا کہ مسائل کو ختم کیا جا سکے۔