پاکستان کا برطانیہ سے ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ تک رسائی مانگنے کا فیصلہ
اسلام آباد(یو این پی)ڈاکٹر عمران قتل کیس کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے برطانوی حکام کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے آئی ٹی اسکاٹ لینڈیارڈ سے کیس سے متعلق شواہد کے علاوہ ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ تک رسائی کی درخواست بھی کرے گی۔ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی کا اہم اجلاس ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیس سے جڑے شواہد اور ثبوتوں تک رسائی کے لئے برطانوی حکام کو خط لکھا جائے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے جے آئی ٹی کی متفقہ مشاورت کے بعد طے کیا گیا ہے کہ ثبوت اور شواہد حاصل کرنے کے لئے برطانیہ اور سکاٹ لینڈ یارڈ کو رواں ماہ خط لکھا جائے گا۔ جے آئی ٹی وزرات داخلہ کو کیس کی تحقیقات کے لئے لندن مین موجود شواہد اور ثبوت حاصل کرنے کے لئے آگاہ کرے گی۔وزارت داخلہ سفارتی ذرائع سے برطانوی حکام کو ثبوتوں تک رسائی کے لئے درخواست کرے گی۔ تفتیشی ذرائع بتاتے ہیں کہ خط میں ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ تک رسائی بھی مانگی جائے گی جو کیس کی ایک اہم گواہ بھی ہیں اور ان کے پاس قتل کیس سے متعلق اہم معلومات بھی ہیں جبکہ جائے وقوعہ کے معائنے کے لئے بھی درخواست کی جائے گی۔میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے مطابق لندن میں کیس کے ثبوت اور شواہد اکٹھے کرنے کے لئے ایک ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تفتیشی افسر شہزاد ظفر چودھری کی سربراہی میں ٹیم نے کراچی سے ملزموں کے بنک اکاونٹس اور دیگر اہم شواہد بھی حاصل کرلئے ہیں۔