وہ 189 پاکستانی جنہیں بھارت نے ’غائب‘ کردیا، بہت بڑا تنازعہ پیدا ہوگیا
نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) رواں ماہ کے آخر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے آغاز سے قبل ایک اور بڑا تنازعہ اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جمعہ کے دن دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا، اور اس موقع پر معلوم ہوا کہ بھارت میں قید پاکستانیوں میں سے 189افراد کا کچھ پتا نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔ ان فہرستوں کا سال میں دو دفعہ، یکم جنوری اور یکم جولائی کو تبادلہ کیا جاتا ہے۔ اخبار کے مطابق پاکستان کی طرف سے فراہم کی گئی فہرست میں 460 قیدیوں کا ذکر کیا گیا تھا جبکہ بھارت کی طرف سے دی گئی فہرست کے مطابق بھارتی جیلوں میں صرف 271 پاکستانی موجود تھے۔ لاپتا پاکستانی قیدیوں کے متعلق بھارت تا حال کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دے سکا۔
مزید جانئے: جو عناصر پاک بھارت درمیان امن کی بحالی نہیں چاہتے وہ پٹھان کوٹ حملے جیسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں :بھارتی وزیر مملکت
دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹری کی سطح کے مذاکرات کا آغاز 25 جنوری سے متوقع ہے، جن میںجامع مذاکرات کے خدوخال پر بات کی جائے گی۔ ان مذاکرات کے آغاز سے قبل ہی پاکستانی قیدیوں کی بڑی تعداد کے لاپتا ہونے سے نئے سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، اور توقع کی جارہی ہے کہ باہمی بات چیت کے آغاز سے پہلے بھارت ان سوالات کے جواب دے گا ۔