پانامہ لیکس نے حکمران خاندان پر بدنامی کا داغ لگا دیا ہے،ڈاکٹر شاہد
لاہور (نمائندہ خصوصی )سر براہ میڈیا سیل تحریک انصاف پنجا ب ڈاکٹر شاہد صد یق نے کہاہے کہ پانامہ لیکس نے حکمران خاندان پر بدنامی کا داغ لگا دیا ہے جو کبھی دھل نہیں سکے گا۔ ن لیگ کی نااہل حکومت نے 4سالوں میں کوئی انتخابی وعدہ پور ا نہیں کیا۔ طاقتور اشرافیہ کا بے رحم احتساب کئے بغیر قانون کی حکمرانی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ 2017ء انتخابات کا سال ہے۔قاضی فائز عیسیٰ رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ سول اداروں نے نیشنل ایکشن پلان کو سرد خانے میں ڈال دیا ہے۔ بدنام اور ناکام حکمرانوں نے 4سالوں کے اقتدار میں جیبیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ن لیگ آمریت کی پیدوار ہے اس لئے ن لیگ کے لیڈروں میں جمہوری سوچ کا فقدان ہے۔ انہوں نے ریگولیٹرز اتھارٹیز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کے حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے خودمختار اداروں کی آزادی سلب کرنے کی کوشش کی گئی ہے، تحریک انصاف حکومتی فیصلے کو مسترد کرتی ہے، فیصلہ وزیراعظم کی جانب سے جمہوری نظام کو بادشاہت میں بدلنے کی کوشش ہے۔