بلدیاتی ادارے جمہوریت کے پروان کی نرسریاں ہیں،منشا اللہ بٹ

بلدیاتی ادارے جمہوریت کے پروان کی نرسریاں ہیں،منشا اللہ بٹ

لاہور(نمائندہ خصوصی ) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشا اللہ بٹ نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کے پروان کی نرسریاں ہیں۔ان اداروں کی جدید اور سائنسی انداز میں آبیاری کر کے تن آور درخت بنائیں گے۔ان بلدیاتی ادروں کے ذریعے اقربا پروری اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ سرکاری زمینوں پر قبضہ مافیا کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا اس سے بہتر اور کوئی موثر نظام نہیں ہے۔پنجاب بھر میں بلدیاتی حکومتیںآج 2 جنوری سے فعال ہورہی ہیں۔ اس نظام کے فعال ہونے سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اورترقی کا عمل مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنایا جارہا ہے ۔ مالیاتی خودمختاری دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے،اسی طرح اختیارات اور ذمہ داریوں کیساتھ جوابدہی بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام نے بلدیاتی نمائندوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انہیں اس پر ہر صورت پورا اترنا اترنا ہو گا انہوں نے ہدایت کی کہ تمام بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت کیلئے سخت محنت کریں اور اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں ۔محمد منشا اللہ بٹ نے کہاکہ عوام نے اپنے مسائل مقامی سظح پر حل کرنے علاقے کی ترقی کے لئے ان پر جو اعتماد کیا ہے اب وقت کا تقاضا ہے کہ وہ اپنا آرام قربان کریں اور میدان عمل میں رہنے کو ترجیح دیں ۔۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے خوب سے خوب تر کی جستجو میں لگ جائیں کیونکہ ان کے جذبے جوان اور ارادے بلند ہیں۔محنت ، دیانت اور امانت کو شعار بنا ئیں ہمیشہ حکومت اور ان کی تمام ترسپورٹ بلدیاتی نمائندوں کیساتھ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لوکل گورنمنٹ سسٹم کا نیا باب رقم کر کے تا ریخ مرتب کر دی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1