ریٹائرمنٹ کے حوالے سے مصباح اور ٹیم مینجمنٹ کے متضاد بیانات

ریٹائرمنٹ کے حوالے سے مصباح اور ٹیم مینجمنٹ کے متضاد بیانات

سڈنی (سپورٹس ڈیسک) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ سڈنی ٹیسٹ سے قبل ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرسکتا ہوں جب کہ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ مصباح سڈنی ٹیسٹ ہر صورت کھیلیں گے۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے انگلینڈ سے سیریز کے دوران سوچا تھا، روائیتی حریف بھارت کے خلاف کھیلنا چاہتا تھا اور اسی لیے اس بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہتا تھا تاہم آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے اگلے ٹیسٹ سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکتا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ بطور سینئر کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا میری ذمے داری ہے لیکن جب کارکردگی نہ دکھاسکوں تو دکھ ہوتا ہے کیونکہ جب اسکور نہیں بن رہا ہو اور کارکردگی بھی خراب ہو تو ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہیے۔ دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، مصباح کے سڈنی ٹیسٹ نہ کھیلنے سے متعلق خبریں غلط فہمی کا نتیجہ تھیں لہذا وہ سڈنی ٹیسٹ کھیلیں گے۔ ذرائع کے مطابق مصباح ٹیم کی وطن واپسی پر پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی