سوزوکی پولو کپ کا فائنل زیڈ ٹی بی ایل نے جیت لیا

سوزوکی پولو کپ کا فائنل زیڈ ٹی بی ایل نے جیت لیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام سوزوکی وٹارا پولو کپ 2016-17 کا فائنل زیڈ ٹی بی ایل نے جیت لیا۔ فائنل میں پیبل بریکرز کو شکست، سب سڈری فائنل میں گارڈ گروپ /نیوایج نے مومن گھی کو ہرادیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں سوزوکی وٹارا پولو کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے نئے سال کی پہلی اتوا ر زندہ دلان لاہور کی بڑی تعداد آئی اس موقع پر مہمان خصوصی پاک سوزوکی موٹرزکے جنرل مینجر سٹاف ریجنل ہیڈ سید وجاہت علی، لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، سی ای او سوزوکی ٹاؤن شپ موٹرز میر شعیب احمد، ڈپٹی مار کیٹنگ مینجرسوزوکی عبید احمد ، زیڈ ٹی بی ایل کے سپورٹس ہیڈ کرنل (ر) خالد محمود، لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبرز، فیملیز کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ فائنل میچ میں زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم پہلے چکر سے میچ میں چھا گئی۔ پہلے چکر کے آغاز میں ہی ممتاز عباس نیازی نے خوبصورت گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ پھر میچ ثاقب خان خاکوانی کا شو ثابت ہوا۔ چاروں چکروں کے بعد زیڈ ٹی بی ایل ٹیم کا سکور 8 جبکہ پیبل بریکرز کی ٹیم صرف تین گول سکور کر سکی۔ زیڈ ٹی بی ایل کی طرف ثاقب خان خاکوانی نے تین گول، تیمور مواز خان نے دو گول جبکہ ممتاز عباس نیازی اور عمران اختر نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ پیبل بریکرز کی طرف سے احمد علی ٹوانہ نے دو جبکہ آغا موسی علی نے ایک گول سکور کیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں گارڈ گروپ /نیوایج کی ٹیم چار گول کے خسارے میں جانے کے بعد حسام علی حیدر کے شاندار کھیل کی وجہ سے میچ جیت گئی۔گارڈ گروپ /نیوایج نے مومن گھی کو 6-5 سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیتا۔ حسام علی حیدر نے چار جبکہ عدنان جلیل اعظم اور تیمور علی ملک نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ مومن گھی کی طرف سے احمد زبیر بٹ نے چار گول سکور کیے۔اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی سٹاف جنرل مینجر پاک سوزوکی موٹرز سید وجاہت علی نے انعامات تقسیم کیے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی